کراچی( نیٹ نیوز) بریسٹ کینسر کو شکست دیکر ہسپتال سے گھر پہنچنے والی پاکستان کی معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا ہے ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر نادیہ جمیل نے اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی ۔ انہوں نے لکھا کہ یہ وہ دن تھا کہ جب میں ہسپتال سے ڈسچارج ہوئی اور میں اپنی زندگی کے اِس خاص موقع پر اُن تمام لوگوں کی شکرگزار ہوں جنہوں نے اس مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا ، میری صحتیابی کے لیے دُعا کی اور میری ہمت بڑھائی۔ اداکارہ نے مزید لکھا کہ مجھے ہسپتال کا وہ تیسرا دن یاد ہے جب میں نے آخری الفاظ یہ سُنے تھے کہ ہم ان کو کھو رہے ہیں۔ میں یہ سوچ رہی تھی کہ اگر مجھے کچھ ہوگیا تو میرے بچوں کو کون دیکھے گا ، کتے کا خیال کون رکھے گا، پھر میں نے اپنے آپ سے مخاطب ہو کر کہا کہ مشکل وقت میں صرف کلمہ پڑھو۔نادیہ نے لکھا کہ مجھے دوران علاج اپنی تنہائی یاد ہے ، مجھے یاد ہے کہ جب مجھے انجیکشنز اور ڈرپس لگتی تھیں اور میں تکلیف میں صرف اللہ سے دعا کرتی تھی لیکن اس پورے عرصے کے دوران میں جب اپنا فون کھولتی تھی تو آپ سب کے محبت بھرے پیغامات دیکھ کر خوش ہوجاتی تھی ۔ انہوں نے لکھا کہ میں واقعی بہت خوش قسمت ہوں کہ مجھے آپ سب کا پیار ملا ، دعائوں میں یاد رکھنے پر سب کی شکرگزار ہوں ۔