پشاور (نامہ نگار)وزیرمملکت براے داخلہ شہریارخان آفریدی نے کہاہے کہ کراچی کے باشندے پینے کے صاف پانی کیلئے ترس رہے ہیں،سندھ میں زبان کی بنیاد پر سیاست شروع کی گئی،کراچی والوں کے لئے پینے کا پانی نہیں ہے ، ہمارا مقابلہ کرپشن اور انسانیت کی نفی کرنے والی سوچ سے ہوناچاہیئے ،اب پاکستان میں قانون سے بالاتر کوئی نہیں، مستقبل پاکستان کا ہے ،ماضی میں جو نالائقی ہوئی اس کو اب ختم کرنا ہوگا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ہفتے کے روزپشاوریونیورسٹی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ وہ پشاور یونیورسٹی سے پڑھ چکے ہیں،پشاور یونیورسٹی عظیم درسگاہ ہے ، مدرسوں کو بہتر بنانے کیلئے فنڈز خرچ کرکے تمام سہولیات سے آراستہ کرینگے ، نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک پرہائیبرڈ جنگ مسلط کی گئی ہے ،قرآن اورحدیث کی تعلیمات کو غلط انداز میں بچوں کو دکھایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مدارس پر پیسے اسلئے لگائیں گے تاکہ یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ انسانیت اور امن کیلئے کام کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ امریکہ اور یورپ میں کوئی مسلمان غلط کام کرے تو دین اسلام کو ذمہ دار قرار دیا جاتاہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں کسی کے ہاتھوں میں نہ کھیلنے کا عہد کرکے اورماضی کی نالائقیوں کو فراموش کرکے نیا سفر شروع کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ معاشی ترقی کیلئے منصوبہ بندی کی گئی ہے اور پاکستان کامستقبل شاندارہے ۔