لاہور،اسلام آباد، راولپنڈی(کر ائم ر پو رٹر، مانیٹرنگ ڈیسک صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میراکل ورلڈ کپ تھا جو پاکستان نے جیت لیا ، پاکستان نے ہندوستان کو چنے چبوائے ، میرابس چلتا تو قوم کیلئے آج چھٹی کا اعلان کردیتا،ٹی ایل پی کالعدم تنظیم ہے لیکن میری خواہش ہے یہ معاملہ بھی مکمل طورپر ختم ہوجائے ،انکے مدرسوں کے اکائونٹس بحال کر رہے ہیں ، مذاکرات بہت مؤثر رہے ، وزیر اعظم سے ملاقات میں معاملات پر بات چیت ہوگی،ٹی ایل پی پنجاب کی تیسری بڑی سیاسی قوت ہے ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پوری قوم کو ٹیم کی فتح مبارک ہو جو اسلام آباد اور راولپنڈی میں جشن ہوا وہ تاریخی جشن تھا،یہ عام کرکٹ نہیں تھی، یہ کرکٹ پلس تھا جس کا اظہار ہندوستان میں کرکٹرز کے گھر پرپتھراؤ کرکے کیا گیا ،اچھا ہوا میں نے دن میں ہی کنٹینر ہٹا دیا ہے کیونکہ جس طرح کا جذبہ اسلام آباد میں لوگوں میں تھا وہ میں نے پہلے نہیں دیکھا، میرا ٹکٹ ضائع ہوگیا، یہ معمولی بات نہیں ، ٹی ایل پی کیساتھ مذاکرات بہت اچھے گئے ، جو ہم نے ان سے وعدے کئے ،ان پر پہرا دیں گے ، وفاقی کابینہ اجلاس میں اس پر بات ہوگی، سعدرضوی نے اچھے سے معاملات میں تعاون کیا ، سعد رضوی کو دیگر عہدیداران کے مقابلے میں بہت زیادہ تعاون کرنے والا شخص پایا ، سعد رضوی سے دو مرتبہ ملاقات ہوئی ، ،ہمیں فیٹف کامسئلہ ہے ،تمام صورتحال کی ٹی ایل پی کوبھی سمجھ ہونی چاہئے جبکہ کالعدم تنظیم کے میڈیا سیل نے وفاقی اور پنجاب حکومت سے ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے تفصیلات جاری کر دیں جس میں کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے مطالبات کو عملی جامہ پہنانے کی فوری یقین دہانی کرائی گئی کہ پیر کی شام تک تمام مطالبات بشمول کالعدم سٹیٹس پورے کئے جائیں گے ،اگر مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو مارچ کے شرکا کل اسلام آباد کی طرف سفر شروع کرینگے ۔ جی ٹی روڈ ایک طرف سے دھرنا ختم کرنے سے قبل کمشنر لاہور ڈویژن کی سربراہی میں اسسٹنٹ کمشنر مریدکے کے دفتر میں اہم اجلاس ہوا جس میں اہم شخصیات نے شرکت کی جبکہ کالعدم تنظیم کی نمائندگی صاحبزادہ انس رضوی نے کی ۔اجلاس میں طے پایا کہ کالعدم تنظیم کا مریدکے جی ٹی روڈ پر پرامن دھرنا منگل تک جاری رہے گا اور عوام الناس کی سہولت کیلئے جی ٹی روڈ کی ایک طرف گوجرانوالہ لاہور روڈ ٹریفک کیلئے کھول دی جائے گی ۔ سادھوکے ،کامونکے سے سے نامہ نگاران کے مطابق سادھوکے سے مریدکے تک جی ٹی روڈ بندہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، پولیس کی بھاری نفری اور رینجرز تعینات کردی گئی ۔ کا لعدم مذہبی جماعت کے دھرنے اور لانگ مارچ کے حوا لے سے لا ہو ر پو لیس نے 16مقدمات درج کر لئے گئے ، نا مزد کسی بھی شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا ۔ لاہور میں ماس ٹرانزٹ سسٹم پانچ روز بعد مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ۔