لاہور(این این آئی )امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو ٹیلیفونک کرکے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ کیا اور کہا حکومت بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی مدد کرے ، ، ٹیلیفونک رابطے کے دوران سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ لاک ڈائون اور کرفیو کی وجہ سے سعودی عرب اور امارات میں لاکھوں پاکستانی اپنی رہائشگاہوں میں بند ہیں، دونوں ملکوں میں روز گار نہ ہونے کی وجہ سے لوگ فاقوں کا شکار ہیں، رہائش گاہوں میں سینکڑوں افراد کی موجودگی وبا کے پھیلا ؤ کا باعث بن رہی ہے ، بیمار افراد کے لیے ایمبولینس کی سہولت نہیں ، ڈیڈ ہائوسزمیں لاشیں پڑی ہیں، اب تک ایک لاکھ 30 ہزار اوورسیز پاکستانی ٹکٹس کے لیے اپلائی کر چکے ۔ سراج الحق کا کہنا تھا پاکستان واپسی پر سفر، ٹیسٹ کی سہولت اور گھروں میں قرنطینہ کی اجازت دی جائے ، سعودی عرب اور دیگر بڑے ممالک میں سفارتخانوں کی طرف سے ہیلپ لائن کا اعلان کیا جائے ، 12 ارب روپے میں ایک بڑی رقم اوور سیز پاکستانیوں کے حوالے سے رکھی جائے ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سراج الحق کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا سفارتخانوں سے رابطہ کر کے انہیں مزید فعال کروں گا۔