مقدس اوراق کی ری سائیکلنگ قرآن پاک کے شہید اوراق کی حفاظت اور ری سائیکلنگ کے لئے وفاق اور صوبوں کی نمائندہ کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈی سیز اور ڈی سی او کے ذریعے مقدس اوراق جمع کرنے کا انتظام کیا جائے گا۔ قرآن پاک کے شہید اوراق کی بے حرمتی کے کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ جس سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں، جو باعث افسوس ہے ۔وزارت مذہبی امور کے زیر نگرانی شہید مقدس اوراق کی ری سائیکلنگ کا منصوبہ تشکیل دیا گیاہے جس کے بعد مقدس اوراق کی نہ صرف بے حرمتی رک جائے گی بلکہ انہیں سالہا سال محفوظ رکھنے پر جو اخراجات آتے تھے ان کی بھی بچت ہو گی۔ صوبہ پنجاب میں محکمہ اوقاف کے تحت مقدس اوراق کی ری سائیکلنگ کا بہترین منصوبہ شروع ہے۔ مدینہ فائونڈیشن کی معاونت سے رائے ونڈ روڈ پر کنویں بنائے گئے ہیں جہاں پر صوبے بھر سے مقدس اوراق اکٹھے کرکے لائے جاتے ہیں۔جبکہ صوبہ سندھ میں بھی اسی فائونڈیشن کے تحت ری سائیکلنگ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں مساجد اور تعلیمی اداروں کے باہر قرآن مجید کے بوسیدہ اوراق کی حفاظت کے لئے بورڈز بھی آویزاں کرنے کا سلسلہ شروع ہے۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ جو سب سے اہم کام ہے وہ قرآن مجید کی طباعت کم گرام والے کاغذ پر کرنے والے ناشران کو سزائیں دلوانا ہے۔ جب تک ناقص کاغذ استعمال کرنے والے ناشران کو قانون کے مطابق سزا نہیں دی جاتی تب تک مسئلے پر قابو نہیں پایا جا سکتا۔ قرآن بورڈ کی ذمہ داری ہے کہ اس کے ذمہ داران دفاتر سے نکل کر اردو بازار کے دورے کریں تاکہ قرآن مجید کی طباعت معیاری کاغذ پر بنائی جا سکے۔