پشاور، اسلام آباد (92نیوز،این این آئی) مردان میں سابق پارلیمنٹرین اور ن لیگی رہنما سرانجام خان کی نمازجنازہ ادا کردی گئی ، سابق سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن سرانجام خان کی نماز جنازہ میں صوبائی صدر امیر مقام سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کر کے کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کی دھجیاں اڑادیں جس سے کورونا سے پہلے سے متاثرہ شہر میں کورونا وائرس مزید پھیلنے کے خدشات پیدا ہوگئے ۔نماز جنازہ میں ن لیگ کے رہنماء پیر صابر شاہ ، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کاظم نیاز اور مسلم لیگی کارکنوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی،نماز جناز ہ میں کسی قسم کی احتیاطی تدابیر نہیں اختیار نہیں کی گئیں ۔ن لیگی صدر اوراپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے پارٹی کے سابق سیکرٹری جنرل سرانجام خان کی صاحبزادی فرح بی بی سے ٹیلی فون پر تعزیت کا اظہار کیا ۔ ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے مرحوم سرانجام خان کی وفات پر اہل خانہ سے اظہار افسوس کیا ۔ شہباز شریف نے مرحوم کی صاحبزادی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سرانجام خان ایک بھائی اور بااعتماد ساتھی تھے ،شہباز شریف نے مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔علاوہ ازیں سینیٹ میں قائدحزب اختلاف راجہ ظفر الحق،احسن اقبال ودیگر نے بھی تعزیت کا اظہار کیا اور ان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔