پشاور (صباح نیوز) مسلم لیگ (ن )خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نیب خیبرپختونخوا کے دفتر میں پیش ہو گئے ۔ امیر مقام کو نیب کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں طلب کیا گیا تھا۔ نیب دفتر میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے ایک فارم دیا گیا جس میں اثاثوں کی تفصیل بتانی ہے ۔ ہم یہ فارم فِل کر کے 15 روز کے اندر جمع کرا دیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان بنانے والے مستریوں نے کے پی کے میں دیواریں ٹیڑھی بنائی ہیں۔ انتخابی نتائج سے پتہ چل رہا ہے کہ الیکشن میں کیا ہوا۔ ہمارا فرق صرف 40 ووٹوں کا تھا اور دوبارہ گنتی میں چار تھیلے غائب ہو گئے ۔ کے پی کے میں پہاڑ گنجے ہیں، نیب بلین ٹری منصوبہ کا نوٹس لے ۔ ہیلی کاپٹر کو رکشہ کی طرح استعمال کیا گیا اس کی بھی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔