اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی،وقائع نگار) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کورونا جیسے وبائی امراض سے مو ثر انداز میں نمٹنے کیلئے علاقائی اور عالمی سطح پر مربوط کوششوں کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان ادویات کے شعبہ بالخصوص متعدی امراض کے خلاف تعاون بڑھانا ناگزیر ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میجر جنرل ڈاکٹر فیہ ژو کی سربراہی میں چین کی پیپلزلبریشن آرمی کے طبی ماہرین کے 10 رکنی وفد سے گفتگو میں کیا۔ مشکل کی گھڑی میں پاکستان کی مدد کیلئے چین کی شراکت داری کی تعریف کرتے ہوئے صدر نے چین کے عوام اور قیادت سے پاکستان کے طبی ماہرین کی مدد کیلئے عطیات اور میڈیکل ٹیم بھیجنے پر اظہار تشکر کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ وہ چینی قیادت کی جانب سے کورونا وائرس پر کامیابی سے قابو پانے کیلئے کی جانیوالی کوششوں سے بے حد متاثر ہیں، یہ کامیابی چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی کیانگ کا کریڈٹ ہے ۔ملاقات کے دوران صدر کو چین کے طبی ماہرین کی جانب سے کورونا وباء سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی کے بارے میں جامع پریزنٹیشن دی گئی۔دریں اثنا صدر مملکت نے فون کرکے پیپلز پارٹی کے ترجمان و سینیٹر مولا بخش چانڈیو کی خیریت دریافت کی ۔گزشتہ روز پی پی رہنما سمیت اْنکی فیملی کے چار افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔