پشاور(خبرنگار)خیبر پختونخوا حکومت نے ڈاکٹروں سے مذاکرات کیلئے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے کر اعلامیہ جاری کردیا ،وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کمیٹی میں صوبائی وزیر قانون سلطان محمد خان، صوبائی وزیر اکبر ایوب ، صوبائی وزیر خوراک قلندرلودھی اور سیکرٹری صحت یحییٰ اخونزادہ شامل ہیں ، ذرائع کے مطابق کمیٹی کی ڈاکٹروں کے ساتھ پہلی باضابطہ ملاقات آج ہوگی ، گرینڈ ہیلتھ الائنس نے بھی 5 ڈاکٹروں سمیت 12 افراد پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیدی۔دریں اثناء ڈاکٹروں نے حکومت کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا ، ڈاکٹرز و دیگر عملہ پولیو مہم میں بھی حصہ لیں گے ۔گزشتہ روز ڈاکٹروں اور حکومت کے مابین وزیر اعلیٰ ہاؤس میں مذاکرات ہوئے جس میں کمیٹی تشکیل دینے اور دو ماہ کے اندر ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی، گرینڈ ہیلتھ الائنس کے چیئرمین ڈاکٹر عالمگیر کے مطابق مذاکرات میں پوری تفصیل سے اپنے مسائل اور تحفظات سے وزیرِ اعلیٰ کو آگاہ کیا،حکومت نے تمام مسائل حل کرنے کیلئے 2 ماہ کا وقت مانگا ہے جس کیلئے با اختیار کمیٹی بنا دی گئی۔