اسلام آباد،کراچی(لیڈی رپورٹر،کامرس رپورٹر) حکومت کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد آل پاکستان انجمن تاجران نے آج تاجر بچائو مارچ کااعلان کردیا ہے ۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے جنرل سیکرٹری محمد نعیم میر کے ساتھ پریس کانفرنس کر تے ہوئے بتایا کہ ایف بی آر کے ساتھ شناختی کارڈ کی شرط کے خاتمے ، سیلز ٹیکس رجسٹریشن اور فکسڈ ٹیکس سکیم کے خدوخال پر اتفاق نہیں ہوسکا۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے لائحہ عمل کیلئے ملک بھر کے تاجر نمائندوں سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے اورآج ملک کے تمام اضلاع اور تحصیلوں کے تاجر نمائندے اسلام آباد کی طرف مارچ کر ینگے ۔انہوں نے بتایاکہ تاجر نمائندے آبپارہ میں صبح 11 بجے اکٹھے ہونگے اوردن 2بجے ایف بی آر کی طرف مارچ کر ینگے ۔صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں کے تاجر نمائندے ملک شاہد غفور پراچہ، رئوف مغل، اسلم بھلی، جاوید بٹ اور ممتاز بابر کی قیادت میں اسلام آباد کی طرف مارچ کر ینگے ۔انہوں نے بتایا کہ آج تاجر نمائندے جو بھی مشترکہ فیصلہ کریں گے اس پر عمل کیا جا ئیگا۔ دوسری جانب تنظیم وفاق ایون ہائے تجارت و صنعت پاکستان(ایف پی سی سی آئی) نے وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انکی بے جا مداخلت بند کرائی جائے اور ان کے پاس موجود مختلف عہدوں کو دیگر لوگوں میں تقسیم کیا جائے ۔گزشتہ روز ایس ایم منیر، مرزا اختیار بیگ اور ایف پی سی سی آئی کے دیگر عہدیداران کے ساتھ پریس کانفرنس میں صدر انجینئر دارو خان نے کہا کہ عبدالرزاق داؤد اپر کلاس کے لوگوں کی نمائندہ تنظیم کی پشت پناہی کررہے ہیں،ان کے پاس 5پورٹ فولیو ہیں اور وہ سب کاموں میں بے جا مداخلت کررہے ہیں،حکومت نے 80سال کے شخص کو مشیر تجارت فائز کردیا ہے ،وہ مغربی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے کام کررہے ہیں،انہوں نے کہاکہ نجکاری کے معاملے پر ایف پی سی سی آئی کو اعتماد میں لیا جائے ،نیب ،ایف آئی اے اور ایف بی آر کی جانب سے بزنس کمیونٹی کو بے جا ہراساں کیا جارہا ہے ۔ایس ایم منیر کا کہنا تھا کہ بیرون ملک موجود دولت کی واپسی کے حوالے سے ایف بی آر بے بس دکھائی دیتی ہے اور چیئرمین ایف بی آر بھی ہاتھ کھڑے کر چکے ہیں۔ ایف بی آر کا سارا زور بزنس کمیونٹی کو تنگ کرنے پر ہے ،ٹیکس اہداف کے حصول کے ایف بی آر کے دعوے یکسر غلط ہیں،وزیر اعظم ہماری بات سنتے ضرور ہیں مگر انکے مشیر ہماری بات پر کان نہیں دھرتے ،ایس ایم منیر نے پاکستان بزنس کونسل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہاں10ماہ گزر جانے کے باوجود کونسل کے نام پر کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ۔