اسلام آباد(لیڈی رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم امتناع کے باوجود میئر اسلام آباد کے خلاف کارروائی پر توہین عدالت کی درخواست میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان، سیکرٹری داخلہ میجر(ر)اعظم سلیمان اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کمیشن اصغر علی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج طلب کرلیاہے ۔گزشتہ روز میئر اسلام آبادشیخ انصر عزیزکی دائر درخواست پر سماعت کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت آج تک ملتوی کردی۔عدالت نے لوکل گورنمنٹ کمیشن کے 3جون کے اجلاس کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔اسلام آبادہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کورونا کے باعث ڈاکٹرز کے زیر التوا مقدمات سے متعلق کوئی آرڈر جاری نہ کرنے کی حکم عدولی پر سیکرٹری صحت کو طلب کر لیا۔ عدالت نے سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ و زارت صحت عدالت اور عوام کے ساتھ کھیل کھیل رہی ہے ،کورونا کی صورتحال میں بھی وزارت صحت کا رویہ غیر سنجیدہ ،ڈاکٹرز کورونا سے لڑنے والے فرنٹ لائن سپاہی ہیں، دنیا ڈاکٹرز کو سلیوٹ کر رہی اور یہاں ڈاکٹرز عدالت کے چکر لگا رہے ،اس وقت ڈاکٹرز نے اپنی زندگیاں داؤ پر لگائی ہوئی ہیں، آپ کورونا کی صورتحال میں ڈاکٹرز کو کیوں ڈسٹر ب کر رہے ہیں؟ عدالت نے سماعت 12 جون تک ملتوی کر دی۔اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے دسویں قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کیخلاف مسلم لیگ ن کی درخواست پر سماعت وزارت خزانہ کی جواب کیلئے مہلت کی استدعاپر ملتوی کردی۔قبل ازیں عدالت نے استفسارکیاکہ فنانس ڈویژن کی اگلی میٹنگ کب ہے ؟نمائندہ وزارت خزانہ نے بتایاکہ میٹنگ ابھی شیڈول نہیں،جس پر عدالت نے وزارتِ خزانہ کو 2 ہفتوں میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی،وزارت قانون کے نمائندہ کی طرف سے کہاگیاکہ یہ وزارت خزانہ کا معاملہ ہے ہمارا اس سے کوئی کام نہیں جس پر عدالت نے سخت برہمی کااظہارکیااور آئندہ سماعت تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 18 جون تک ملتوی کردی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی نے قادیانیوں کو قومی اقلیتی کمیشن میں شامل نہ کرنے سے متعلق درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کر دی۔