لاہور(سپیشل رپورٹر،92نیوزرپورٹ)ہربنس پورہ کے علاقے میں موٹر سائیکل سواروں کی کیری ڈبہ پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں سابق ہیڈ کانسٹیبل سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے پولیس نے دونوں کی لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کے لیے مردہ خانے جمع کروادیں۔پولیس کے مطابق سابق ہیڈ کانسٹیبل کاشف اور اسکاہم نام کاشف کی اپنے ماموں زاد بھائیوں کے ساتھ دشمنی چلی آرہی تھی گزشتہ رات موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ہربنس پورہ کے علاقے میں گھات لگا کر کیری ڈبہ پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں دو نوں مارے گئے ۔پولیس کے مطابق قتل ہونے والا ہیڈ کانسٹیبل کاشف ہے جو محکمہ سے معطل ہوگیا تھا۔قاتلوں نے ایس ایم جی رائفل کا استعمال کیا۔ صوابی( نمائندہ92نیوز)صوابی کے موضع شیخ ڈھیری میں گھریلو تنازع پر رشتہ داروں نے فائرنگ کرکے باپ بیٹے اور بھتیجے کوقتل کردیا ۔ قیصر علی خان ولد سبز علی خان نے تھانہ چھوٹا لاہور میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ رات ان کے رشتہ داروں گل صمد ، تنویر اور عدنان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے ان کے والد سبز علی ، 30سالہ بھائی ناصر خان اور 25 سالہ چچا زاد بھائی احتشام خان کو قتل کردیا ،قیصر علی خان نے بتایا کہ ان کی ہمشیرہ زوجہ ضیاد نے گزشتہ شب فون کیا کہ ہمار ی دیوروں کے ساتھ تکرار ہوئی جس پر ہم تینوں راضی نامہ کیلئے ہمشیرہ کے گھر گئے جب وہاں پہنچے تو گھرکے سامنے گل صمد خان موجود تھا جس کے ساتھ ہم نے راضی نامہ کے بارے میں بات چیت شروع کی، اس دوران ہماری ہمشیرہ کے دیور تنویر اور عدنان نے ہم پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں میرا والد ،بھائی اورچچازاد موقع پر جاں بحق ہو گئے ، ایک گھر سے تین جنازے ایک ساتھ اُٹھائے گئے تو پورے گائوں میں کہرام مچ گیا ،ملزمان واردات کے بعد فرار ہو گئے ۔