اسلام آباد (سپیشل رپورٹر؍ 92 نیوزرپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ ماحولیات کو بچانے کیلئے بڑی مشکل سے پیسے نکالتے ہیں ، جو پیسہ بچتا ہے وہ کم ہوتا ہے ، ٹیکسوں کاآدھاپیسہ قرضوں کی قسطیں اداکرنے میں چلاجاتاہے ، ماحولیات کا خیال نہ رکھا تو بھاری قیمت چکانا پڑے گی،دنیامیں پانی کابہت بڑا مسئلہ آنے والاہے ،ایک صوبہ کہتاہے اسکا پانی چوری ہوگیا،کم پانی مل رہاہے ، دنیا جانتی ہے پاکستان آئندہ نسلوں کی فکر کرتا ہے ، جب تک ساری قوم احساس نہیں کرے گی ہم کامیاب نہیں ہوسکتے ۔وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی میزبانی میں ہونیوالی عالمی یوم ماحولیات کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ورلڈ انوامنٹ ڈے کی میزبانی کرنے کا پاکستان کو اعزاز ملا، خیبرپختونخوا میں 5 سال میں ایک ارب درخت لگائے ، ہمارے دیکھتے دیکھتے پرانے جنگل تباہ ہوگئے اور درخت کٹ گئے ، لوگوں نے زمینوں پر قبضہ کرلیا،دریاؤں کو بے دردی سے آلودہ کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا لاہور باغوں کا شہر تھا، آج لاہور میں آلودگی کی شرح خطرناک حد پر پہنچی ہوئی ہے ، 10 سال میں دنیا نے اپنا کورس ٹھیک کرنا ہے ، ماحولیات کا دھیان نہیں رکھیں گے تو انسانیت کو اسکی بھاری قیمت دینا پڑے گی، دنیا میں پانی کا بہت بڑا مسئلہ آنے والا ہے ،ہمارے صوبو ں سے ابھی سے پانی کی چوری پر آوازیں اٹھ رہی ہیں، امیر ممالک عالمی حدت سے نمٹنے کے لئے فنڈز فراہم کریں،جب تک دنیا ایکشن نہیں لیتی ہماری کوشش کا کم اثر ہوگا۔عمران خان نے کہا ٹمبر مافیا کا پہلی مرتبہ خیبرپختونخوا میں مقابلہ کیا جس میں 10 فاریسٹ گارڈ شہید ہوئے ۔انہوں نے کہا 10 ارب درخت لگانے کا فیصلہ کیا ، اساتذہ سکولوں میں بچوں کو درختوں کی اہمیت سے متعلق بتانا شروع کریں۔ انہوں نے کہا ہمارے نوجوانوں نے بجلی سے چلنے والا سکوٹر اور رکشہ بنا لیا ہے ،پنجاب حکومت نے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کردیا ، ایکو سسٹم کی بحالی کیلئے دنیا فائٹ کرے ۔وزیراعظم نے کہا حرص اور ہوس نے دنیا کی توجہ انسانیت سے ہٹادی، بھوکے لوگوں کو ماحولیات کی پرواہ نہیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اپنے خطاب میں کہا ماحولیاتی تبدیلی کو روکنا فرد واحد کا کام نہیں،اقوام متحدہ اقدامات کررہی ہے ۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے اپنے پیغام میں عالمی یوم ماحولیات 2021 کی کامیاب میزبانی کرنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ماحولیات کے شعبہ کی ترقی کے لئے مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔چین کے سفیر نے صدر شی جن پنگ کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ انہوں نے کہا عالمی برادری کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے عمران خان کی قیادت میں پاکستان میں صاف و سرسبز تحریک کی تعریف کی۔برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اپنے ویڈیو پیغام میں عالمی یوم ماحولیات 2021 کی میزبانی کرنے پر پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا قدرتی ماحول کا تحفظ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ،ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام جیسے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ صدر ورلڈ اکنامک فورم نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان نے ثابت کیا کہ ماحولیاتی آلودگی سے کیسے نمٹا جاتا ہے ۔اقوام متحدہ کے ادارہ یواین سی سی ڈی کے ایگزیکٹوسیکرٹری ابراہیم نے اپنے پیغام میں کہا ماحولیاتی تحفظ اورایکونظام کی بحالی کیلئے مضبوط سیاسی عزم کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا پاکستان اقوام متحدہ کے اس اہم دن کی میزبانی کررہاہے جو اس بات کااعتراف ہے کہ پاکستان ماحولیاتی تحفظ کیلئے اہم اقدامات کررہاہے ۔ یواین اوپی ایس کے انتظامی ڈائریکٹرفیریٹ فاریمونے کہاکہ قدرتی ماحول کومسلسل نقصان پہنچ رہا، ہماری آبگاہیں تباہ ہورہی ہے ، کورونا کو نیچرکال سمجھنا چاہئے ۔عالمی ادارہ خوراک وزراعت ایف اے او کے ڈائریکٹرجنرل ڈانگیو کیویو نے بتایاکہ اس وقت ماحولیاتی تبدیلیوں سے دنیا کی 40 فیصدآبادی کو خطرات لاحق ہیں ، تمام ممالک کومشترکہ لائحہ عمل اختیارکرنا پڑے گا۔جرمنی کی وزیرماحولیات وینجاشولزے نے اپنے پیغام میں بتایا کہ دنیابھرمیں ماحولیاتی تبدیلیاں تیزی سے وقوع پذیرہورہی ہے جس سے ترقیاتی اورسماجی ترقی کے اہداف متاثرہورہے ہیں، بین الاقوامی برادری کو اس ضمن میں اپناکرداراداکرنا چاہئے ۔اقوام متحدہ کے ادارہ یواین ایف سی سی سی کی ایگزیکٹو سیکرٹری پیٹریشیا ایسپی نوزا نے اپنے پیغام میں کہادنیا بھر میں جنگلات کارقبہ کم ہورہا،انسانی صحت اورغذائی سلامتی کے تحفظ کیلئے اقدامات ضروری ہیں۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ماحولیاتی چیلنجز کو سنجیدگی سے نہ لیا تو مستقبل میں حالات مختلف ہوں گے ۔وزیر مملکت زرتاج گل نے کہا ملک میں ایک ارب درخت لگا چکے ، مزید 9 ارب درخت لگائیں گے ۔سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی نے اپنے خطاب میں کہا حکومت نے آتے ہی ماحول کی بہتری کے لئے اچھے کام کئے ، فضائی آلودگی ختم کرنے کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو آگے آنا چاہئے ،ہمارے جتنے منصوبے تھے شہبازشریف روک دیتے تھے ، آج کہا جاتا ہے ہمیں بار بار نہ کہیں کہ ہم نئے ہیں، کھلے ذہن کے ساتھ چلنے کی ضرورت ہے ۔ پاکستان کی میزبانی میں عالمی یوم ماحولیات کی مرکزی تقریب کیلئے کنونشن سنٹر اسلام آباد کو پودوں اور پھولوں سے سجایا گیا۔ تقریب میں برطانیہ اور چین کے وزرائے اعظم، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سمیت عالمی رہنماؤں کے پیغامات نشر کئے گئے ۔ تقریب میں ثقافتی شو بھی پیش کیا گیا۔ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے قادر چنال زیری نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ’تھیم سونگ‘ پیش کیا۔