اسلام آباد (سپیشل رپورٹر؍ 92 نیوز رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک آزاد اور امیر شخص درحقیقت وہ ہے جو مضبوط کردار کے طور پر ترقی پا رہا ہوجس کی بنیاد مادی قیمت کی بجائے ایسی روح ہو جس کی کوئی قیمت نہ لگائی جا سکتی ہو۔وزیراعظم عمران خان نے مولانا جلال الدین رومی کا قول بھی لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ اپنی روح کو کسی بھی چیز کے بدلے نہ فروخت کریں،یہ واحد چیز ہے جو دنیا میں آپ لے سکتے ہیں اور یہی واحد چیز ہے جو واپس لاسکتے ہیں۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے امریکی ادارے جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل کی جانب سے شوکت خانم ہسپتال کو سرٹیفکیشن ملنے پرخوشی کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک ٹویٹ میں عمران خان نے کہا کہ پوری دنیا میں 50 سے کم ہسپتال ہیں جن کو امریکی ادارے جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل کی سرٹیفکیشن حاصل ہے ۔انہوں نے شوکت خانم ہسپتال انتظامیہ کو مبارک بادبھی دی۔علاوہ ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ کورونا وائرس میں مبتلا وزیراعظم عمران خان کی طبیعت بہتر ہے ۔ شہباز گل نے وزیر اعظم کی تصویر بھی جار ی کی۔ادھر دوسری جانب وزیراعظم ہاؤس اور آفس کے بیشتر سٹاف کا ٹیسٹ منفی آگیا۔چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کر خیریت دریافت کی ۔ چینی سفیر نے بتایا کہ چینی وزیراعظم نے وزیراعظم عمران خان کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کے نام جلد صحتیابی کے لئے جاری پیغام کیا ہے ۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کورونا سے جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہیں۔ دریں اثنا پی ٹی آئی کی جانب سے انصاف ہاؤس کراچی میں اونٹ اور بکروں کا صدقہ دیا گیا اور عمران خان اور خاتون اول کی صحت یابی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔