لاہور(میاں رؤف)دوران ملازمت وفات پا جانے والے ملازمین کے بچوں کو پو لیس محکمہ میں ملا زمت کی فراہمی کے معاملہ پر آئی جی پنجاب نے رپورٹ طلب کر لی ۔با وثوق ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب پولیس شعیب دستگیر کی جانب سے قرار دیاگیا ہے کہ قواعد کے مطابق دوران ملازمت خالق حقیقی سے جا ملنے والے سرکاری ملازم کے خاندان کے ایک فرد کو ملازمت دینے کا قانون موجود ہے ۔ جس پر عمل درآمد کا اختیار ادارے کے ذمہ داروں کے پاس ہوتا ہے ۔ اور وہ قواعد و ضوابط کی روشنی میں اس پر عمل کے مجاز ہیں۔ ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈویژنل ، ضلعی اور تحصیل کی سطح پر گذشتہ دو سالوں کے دوران مرحومین (پو لیس افسر وملا زمین )کے ورثا میں سے کسی ایک کو ملازمت کی فراہمی کی بابت رپورٹ طلب کی جس میں بتایا جائے گا کہ کون سے ملازم کے اہل خانہ میں سے کس کو ملازمت سے نوازا گیا یا نہیں؟دوران ملازمت وفات پانے والے ملازم کا نام، اس کا عہدہ، سکیل اور ملازمت کے دورانیے سمیت اس کی وفات کے بعداسکے ورثان میں ملازمت پانے والے ملازم کا نام، ولدیت، عمر اور قابلیت(تعلیمی معیار) کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اس پریکٹس کا بنیادی مقصد یہ بات سامنے لانا ہے کہ اس وقت پولیس فورس اور اس کے ذیلی اداروں میں اس وقت مذکورہ مد میں کتنی اسامیاں اس وقت بھی خالی ہیں، اور گذشتہ دو سالوں کے دوران اس ضمن میں کتنے خاندانوں کو قواعد کے مطابق ملازمت دی گئی۔