مردان،پشاور(نمائندہ92نیوز،سٹاف رپورٹر) مردان کے نواحی علاقہ یوسی کٹہ خٹ میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے پولیو ٹیم پرحملہ کردیا ،اندھادھند فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید جبکہ ملزم فرار ہوگئے ،تھانہ چورہ میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔گزشتہ روز مردان کے نواحی علاقہ یونین کونسل کٹہ خٹ میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے پولیو ڈیوٹی سے آنے والی پولیو ٹیم پرحملہ کردیا اور ٹیم پر اندھادھند فائرنگ کے نتیجے میں 2پولیس اہلکار سیدرضا علی شاہ اور شاکرخان گولیاں لگنے سے موقع پر شہید ہوگئے جبکہ نامعلوم دہشت گرد فرار ہوگئے ،واقعہ کے بعد پولیس نے علاقہ کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن کیا، شہید اہلکاروں کی مستقل ڈیوٹی ڈی آرسی مردان و ڈی آرسی تحت بھائی میں تھی جن کا تعلق گجرات بخشالی کے علاقہ سے بتایاجاتاہے ۔ دریں اثنا شہید کانسٹیبل سید رضا علی شاہ اور کانسٹیبل شاکر خان کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں آئی جی پی خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی، اعلیٰ عسکری حکام، کمشنرمردان ریجن سید عبدالجبار شاہ سمیت کثیر تعداد میں پولیس افسران و اہلکاروں اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔ شہدا کے جسد خاکی پر پھولوں کے گلدستے رکھ کر سلامی پیش کی گئی اور ان کے بلند درجات کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ دونوں شہدا کی میتوں کو آبائی علاقہ گجرات بخشالی بھیج دیا گیا ۔