کٹھمنڈو( ویب ڈیسک) نیپال میں ایک شخص کی مرغی نے انتہائی چھوٹا انڈہ دے دیا اور اس انڈے سے ایسا تنازعہ پیدا ہوا کہ مرغی کے مالک کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ کٹھمنڈو پوسٹ کے مطابق اس شخص کا نام سام بہادر تمنگ ہے جو کھانیابس نامی قصبے کا رہائشی ہے ۔ اس کی مرغی نے انتہائی چھوٹا انڈا دیا جو انڈے کے نارمل سائز سے آدھے سے بھی کم تھا اور اس کی شکل بھی بیضوی کی بجائے نسبتاً گولائی میں تھی۔ اس نے یہ انڈہ اپنے ہمسائے رام کمار اور دیگر لوگوں کو دکھایا۔ یہ بات پورے قصبے میں پھیل گئی اور لوگوں نے بالآخر اس بات پر اتفاق کر لیا کہ یہ انڈا مرغی نے نہیں بلکہ مرغے نے دیا ہے اور یہ لاکھوں روپے میں فروخت ہو سکتا ہے ۔ یہ سن کر سام بہادر نے انڈے کو گھر میں ایک جگہ چھپا دیا اور شہر میں موجود اپنے رشتہ داروں کو فون کرکے کہا کہ وہ اس انڈے کا خریدار انٹرنیٹ پر تلاش کریں۔ دو روز بعد سام دوبارہ انڈا دیکھنے گیا تو وہاں انڈا موجود ہی نہیں تھا۔ وہ قصبے کے روحامی معالج گاجا بہادر کے پاس گیا جس نے کہا کہ انڈا ہمسائے رام کمار نے چوری کر لیا ہے ۔ اب رام کمار کی چوری کی بات پورے قصبے میں پھیل گئی۔ رام کمار اور سام بہادر میں اس معاملے پر توں تکرار بھی ہوئی اور رام کمار پولیس کے پاس چلا گیا اور سام بہادر کے خلاف ہتک عزت کے الزام کے تحت مقدمہ درج کروا دیا۔ اب پولیس نے سام بہادر اور اس روحانی معالج گاجا دونوں کو گرفتار کرکے حوالات میں ڈال دیا ہے اور کیس کی تفتیش کی جا رہی ہے ۔