اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،92نیوز رپورٹ) امریکی معاون نائب وزیرخارجہ ایلس ویلزچار روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میں قیام کے دوران ایلس ویلز کی وزیراعظم عمران خان اور مسلح افواج کے سربراہ قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں متوقع ہیں جن میں وہ ایران امریکہ کشیدگی، امریکہ-طالبان مذاکرات کے حوالے سے پاکستانی اعلیٰ حکام کا اعتماد حاصل کریں گی اس کے علاوہ جن میں باہمی اور علاقائی سکیورٹی کے معاملات پر بھی گفتگو کی جائے گی ۔ ایلس ویلز سری لنکا اور بھارت کے دورے مکمل کر کے اسلام آباد آئی ہیں۔ پاکستان پہنچنے پر دفتر خارجہ اور امریکی سفارت خانے کے حکام نے ان کا استقبال کیا ،ایلس ویلز بائیس جنوری تک پاکستان میں چار روز قیام کریں گی۔وہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت سینئر حکومتی حکام اور سول سوسائٹی کے نمائندگان سے ملاقاتیں بھی کریں گی۔ پاکستانی حکام سے پاک امریکہ تعلقات میں بہتری، افغانستان میں قیام امن و مفاہمتی عمل پر بات چیت کی جائے گی، امریکہ کی پاکستان کو فوجی امداد و فوجی تعلیم و تربیت کے معاملات بھی زیر غور آئیں گے ۔ایلس ویلز ابوظہبی سے پرواز ای وائے 232 کے ذریعے اسلام آباد پہنچیں۔جنوبی ایشیا کے دورے میں پہلے مرحلے پر وہ 13 جنوری کو سری لنکا پہنچی تھیں جس کے بعد 15 جنوری کو بھارت کے دورے پر آگئی تھیں۔پاکستانی قیادت ایلس ویلز کے سامنے تنازع جموں و کشمیر، بھارتی غاصبانہ اقدامات کا معاملہ اٹھائے گی اور بھارت کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، کرفیو کے خاتمے پر زور دیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا امریکی اعلیٰ سفارت کار سے بھارت میں متنازع شہریت بل، جنوبی ایشیا میں کشیدگی پر بھی بات ہوگی اور بھارت میں ہندوتوا راج، مسلمان مخالف نفرت انگیز اور پرتشدد کارروائیوں کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا۔