مری ،لاہور (نمائندہ 92 نیوز ،سٹاف رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے )لکہ کوہسار مری میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیااور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا ہے سخت سردی میں تعلیمی اداروں کو جانے والے طلباء وطالبات کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا جبکہ مری آئے ہوئے سیاح برفباری کا انتظار کرتے دکھائی دئیے اورانہوں شدید سردی میں گرم سوپ،کافی ،چائے اور گرم ملبوسات کے استعمال شروع کر دیا ہے جبکہ کمروں کو گرم رکھنے کیلئے ہیٹروں کا استعمال بھی کیاجارہا ہے ،دریں اثناء صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں بارش سے لیسکو اور دیگر ڈسکوز کا ترسیلی نظام متاثر ہوا ۔ درجنوں فیڈرز ٹرپ کر گئے ۔ صوبائی دارالحکومت میں منگل و بدھ کی رات اور گزشتہ روز شام کے وقت ہونے والی بارش سے لیسکو کے 42 فیڈرز ٹرپ ہوئے تاہم بارش کا سلسلہ رکنے کے بعد بحالی کا کام کر دیا گیا ۔دریں اثنا محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے جبکہ گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔ گزشتہ روز مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژنز، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ لاہور، پشاور، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال، ملتان ڈویژنز، لسبیلا اور گلگت بلتستان میں بوندا باندی ہوئی۔ پٹن میں8، دیر میں5،مالم جبہ، پاراچنار میں4، سیدوشریف میں 3، چترال میں1، مری میں2، راولپنڈی میں2، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، کامرہ، اسلام آباد میں1،راولاکوٹ میں5، گڑھی دوپٹہ، مظفر آباد میں2اور کوٹلی میں1ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، کم سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی2 سینٹی گریڈریکارڈ کیاگیا۔