ملتان (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مریم نواز کو مسلم لیگ (ن) کا نائب صدر نامزد کرنا سپریم کورٹ کے فیصلے کی نفی ہے ، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق نواز شریف 7 مئیکو ازخود گرفتاری دے دیں گے ۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانے کے طعنے دینے والے کیا خود آئی ایم ایف کے پاس نہیں گئے تھے ، عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھنے پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا، ناجائز منافع خوری پر ضلعی انتظامیہ کو حرکت میں آنا چاہئے - انہوں نے کہا شہباز شریف کی واپسی کا مسلم لیگ (ن) کو علم ہو گا، مسلم لیگ (ق) نے نئے بلدیاتی نظام پر کسی قسم کے تحفظات کا اظہار نہیں کیا بلکہ مسلم لیگ (ق) کے ارکان نے نئے بلدیاتی نظام کی قانون سازی پر ووٹ دیا ، اسد عمر تحریک انصاف کا قیمتی اثاثہ ہیں، ہمیشہ ان کی خدمات کا معترف رہا ہوں، میرا پارٹی میں کوئی گروپ نہیں ،میرا گروپ تحریک انصاف ہے ۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا این آر او پر رونے کی ضرورت نہیں، این آر او کا اردو میں مطلب ’’نہ رو‘‘ ہے ۔ جہانگیر ترین سے ملاقات کے سوال پر وزیر خارجہ نے کہا جہانگیر ترین سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی ۔