پاکپتن (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) مسلم لیگ(ن) کی نائب صدرمریم نواز2 اگست کوپاکپتن میں ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گی، اس حوالے سے بھرپورتیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ ایم پی ایمیاں نوید علی نے بتایا مریم نواز شریف عظیم صوفی بزرگ حضرت بابا فرید الدین گنج شکرؒ کے مزار پر بھی حاضری دیں گی، ضلع کے مسلم لیگ ن کے منتخب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کی تنظیمیں ورکر ز کنونشن کی تیا ریوں میں مصروف ہیں۔پاکپتن مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے اور اﷲ تعالیٰ کے فضل کرم سے مریم نواز شریف اور دیگر قائدین کا پاکپتن میں تاریخ ساز استقبال ہوگا ۔ادھرایم پی اے میاں نوید علی کی قیادت میں مسلم لیگ ن کے وفد نے ڈپٹی کمشنر احمد کمال مان سے ان کے دفترمیں ملاقات کی اور ورکرز کنونشن کے انعقاد کی اجازت کیلئے تحریری درخواست دی۔ وفد میں سینئر لیگی رہنما رانا احمد علی آرائیں ،صدر انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی راؤ رفاقت علی، سابق چیئر مین میونسپل کمیٹی چوہدری مظفر اقبال، ضلعی صدر امتیاز علی خان ،سٹی جنرل سیکرٹری ایم ڈی بٹ ،ضلعی نائب صدر عاطل محمود خان اور میاں فاروق احمد وٹو ایڈووکیٹ شامل تھے ۔