اسلام آباد،کراچی(سپیشل رپورٹر،سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ مریم نواز کو بیمار والد سے نہ ملنے دینا ناقابل برداشت سلوک ہے ،سلیکٹڈ حکومت باپ بیٹی کو ملنے سے روک کر کیا پیغام دے رہی ہے ؟ ۔اپنے پیغام میں پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ حکومت فی الفور مریم نواز کو نواز شریف سے ملنے کی اجازت دے ، جب بات انسانیت کی ہو تو سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھ دئیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ پہلے انسان بنو، پھر حکمران بنو۔ دریں اثنا پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو 3 روزہ دورے پر نوڈیرو پہنچ گئے ۔ پی پی چیئرمین نماز عید گڑھی خدا بخش بھٹو میں ادا کریں گے اپنی اپنی والدہ اور نانا کے مزار پر بھی حاضری دیں گے ۔