لاہور،اسلام آباد ،پشاور ،سکھر (نامہ نگار خصوصی، نامہ نگار،لیڈی رپورٹر،92 نیوز رپورٹ، بیورو رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ میں مریم نواز کی باہر جانے کی درخواست پر نیب کونوٹس جاری ،زائد اثاثے کیسز میں رانا ثنا اللہ کی آج ،امیر مقام کو 24 فروری کو نیب میں طلب کرلیاگیا جبکہ جعلی بینک اکائونٹس میں عبدالغنی مجید نے ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ نے مریم نواز کی درخواستوں پر سماعت کی ۔درخواست میں مریم نواز کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف کے ڈاکٹروں نے ان کے آپریشن کا کہا ہے ،مریم نواز پہلے ہی اپنی ماں کو کھو چکی ،وہ اپنی والدہ کو بستر مرگ پر چھوڑ کر واپس آ گئی تھیں۔عدالت سے صرف ایک بار چار یا چھ ہفتوں کے لیے باہر جانے کی اجازت دے تاکہ وہ جا کر اپنے والد کا علاج کرا سکیں۔ہر قسم کی ضمانت دیتے ہیں کہ وہ واپس آ جائیں گی۔ عدالت نے کیس کی سماعت 25 فروری تک ملتوی کر دی جبکہ نواز شریف کی رپورٹس کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کر لیا۔ ادھر نیب لاہورنے ن لیگی رہنما راناثنااللہ کوتحقیقاتی ٹیم کے سامنے آج پیش ہونے کی ہدایت کی ہے ۔نیب خیبرپختونخوا نے لیگی رہنماانجنیئر امیر مقام کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں دوسری بار 24 فروری کو پیش ہونے کا نوٹس دیا ہے ۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے منی لانڈرنگ سے سندھ بنک کو 25 ارب روپے نقصان پہنچانے کے ریفرنس میں یونس قدوائی اور دیگر غیر حاضر ملزمان کو دوبارہ طلبی کے سمن جاری کر دئیے ۔ عدالت نے سماعت 4 مارچ تک ملتوی کر دی ۔ جعلی بنک اکائونٹس کیس میں شریک ملزمان عبد الغنی مجید ، حسین لوائی ، سلمان یونس اور دیگر احتساب عدالت پیش ہوئے جبکہ مناحل مجید ، نمر مجید کے بیرون ملک جانے کے حوالے سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔عدالت نے ملزمان کے جوڈیشل ریمارنڈ میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 3 مارچ تک ملتوی کر دی ۔ دریں اثنا جعلی اکاؤنٹس میں گرفتار اومنی گروپ کے عبدالغنی مجید نے ضمانت کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے ۔ طبی بنیادوں پر ضمانت کے لئے دائر درخواست میں چیئرمین نیب ، تفتیشی افسر اور جیل حکام کو فریق بنایاگیاہے ۔علاوہ ازیں سکھر احتساب عدالت میں خورشید شاہ سمیت 18 افراد کے خلاف دائر نیب ریفرنس کی سماعت ہوئی۔سید خورشید احمد شاہ کو سکھر این آئی سی وی ڈی ہسپتال سے ایمبولینس کے ذریعے عدالت لایا گیا جہاں پر موجود کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا ۔سماعت کے موقع پر خورشید شاہ کے صاحبزادے ایم پی اے فرخ شاہ، داماد صوبائی وزیر اویس شاہ اور خورشید شاہ کی ایک بیگم بھی عدالت میں پیش ہوئیں۔ عدالت نے سماعت 9 مارچ تک ملتوی کردی ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان مہنگائی اور دیگر مسائل پر قابو پانے کے حوالے سے اپنی ناکامی کا اعتراف کرچکے ہیں اس لیے وہ مستعفی ہوجائیں اور اپنی جگہ کسی اور بندے کو لائیں۔