لاہور( رانا محمد عظیم)نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے ’’ایپیسوڈ ٹو‘‘ چلانے پر کام شروع کر دیا۔ نیب دفتر کے باہر لیگی کارکنوں کو اکٹھا اور کامیاب شو کر کے مریم نواز نے جس طرح سیاسی چپ کا روزہ توڑا ہے اب اپنی تحریک کو آگے بڑھانے کیلئے دوسری قسط چلانے کی بھی حکمت عملی تیار کر لی۔ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے دوسری قسط میں یہ پلاننگ کی گئی ہے کہ مریم نواز جس تھانے میں ان کے خلاف مقدمہ درج ہوا وہاں اپنا مقدمہ درج کرانے اور اس مقدمہ میں جس میں ان کو ملزم بنایا گیا ہے ،میں پیش ہونے کیلئے وہاں جانے کا اعلان کر سکتی ہیں اور اس موقع پر پہلے سے زیادہ کارکنوں کو وہاں پہنچنے کی ہدایت کی جائے گی جبکہ نیب آفس کے باہر کی طرح ہی وہاں پر تمام معاملات کئے جائیں گے ۔ مریم نواز کے قریبی افراد نے مشورہ دیا کہ اس وقت بہترین موومنٹ بن گئی ہے اس سے فائدہ اٹھایا اوریہ سلسلہ آگے بڑھایا جائے ،اس طرح نیب ، حکومت اور پولیس پربھی پریشرپڑے گا اورپارٹی میں بھی ثابت ہو جائے گا کہ صرف مریم نواز ہی لیڈر ہیں۔ ن لیگ کے اندرجو مختلف رہنما خود کو لیڈر بنا کر پیش اور کسی ڈیل میں جا رہے ہیں، بھی زیرو ہو جائیں گے ۔چند روز بعد مریم نواز کی طرف سے ہدایت جائے گی کہ ہم اپنا مقدمہ درج کرانے اور ایک جھوٹے مقدمہ میں پیش ہونے تھانے جا رہے ہیں، کارکن وہاں پہنچیں ۔مریم نواز کے قریبی ساتھیوں نے یہ مشورہ بھی دیا کہ اگر اس کیس میں گرفتاری ہوتی ہے تو مزید لمبی تحریک اور شہرت مل جائے گی ۔ اگر گرفتاری نہیں ہوتی تو بھی سارا دن سیاسی میدان بھی لگے گا اور میڈیا میں یہی سب کچھ چلے گا۔چودہ اگست کے بعد اس پر عمل شروع ہو سکتا ہے ۔ ذرائع نے تصدیق کی کہ مریم نواز نے تمام رہنماؤں کو جن پر مقدمہ درج ہے کو کہا ہے کہ وہ ضمانت نہ کرائیں بلکہ اسے سیاسی طور پر حکومت اور نیب کے خلاف اسے استعمال کریں اور ہر صورت کیپٹن صفدر کی طرف سے جو مقدمہ کے اندراج کی درخواست ہے اس پر مقدمہ درج کرایا جائے ۔ قسط دو کے حوالے سے بھی شہباز شریف کو لا علم رکھا گیا ہے اور ان سے کسی قسم کی مشاورت بھی نہیں کی گئی۔کچھ رہنما مریم کی اس اچانک جارحانہ تحریک کی مخالفت کر رہے ہیں ۔