دمشق (اے پی پی)انسانی حقوق کے اداروں کے مطابق شام میں شدت پسند گروپ داعش کے خلاف جاری کارروائیوں میں 32 عام شہریوں سمیت مزید 38 افراد ہلاک ہوگئے ۔العربیہ ٹی وی کے مطابق انسانی حقوق کے ادارے سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ کی قیادت میں قائم عالمی اتحادی فوج نے گزشتہ روز دیر الزور کے نواحی علاقے میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 32 عام شہریوں سمیت 38 افراد مارے گئے ۔انسانی حقوق آبزرور رامی عبدالرحمان کے مطابق اتحادی فوج کی بمباری میں شدت پسند گروپ سے وابستہ جنگجوئوں کے خاندانوں کے 22 افراد مارے گئے ان میں سے چار بچے شامل ہیں۔دوسری جانب شام کے صدر بشار الاسد نے حق ملکیت سے متعلق متنازع قانون کی مدت میں توسیع کر دی ہے ۔ اس کے نتیجے میں جنگ کے سبب نقل مکانی اور ہجرت پر مجبور ہو جانے والے شامی شہریوں کو مزید 11 ماہ کا عرصہ دیا گیا ہے تا کہ اس دوران وہ اپنی زمینوں کے کلیم داخل کروا دیں۔