لاہور(رپورٹ: قاضی ندیم اقبال)ملک بھر کے مزارات، زائرین اور پیر دہشت گردوں کے لئے سافٹ ٹارگٹ،وفاق کی جانب سے صوبائی حکومتوں کو جاری تھریٹ الرٹ کے بعدڈائریکٹر جنرل مذہبی امور، صوبہ بھر کے ایڈمنسٹریٹرز اوقاف کو وقف مزارات، زائرین، اورپیروں کی سکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کے احکامات جاری کردیئے گئے ۔سپیشل برانچ، پنجاب پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علاوہ ضلعی حکام کے ساتھ روابط بڑھا کرخدانخواستہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے گائیڈ لائنزجاری کر دی گئیں۔ایڈمنسٹریٹرز روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ہیڈ آفس بھجوانے کے پابند بنا دئیے گئے ۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے چیف کمشنر اسلام آباد کے علاوہ پنجاب، سندھ ، خیبر پختونخوا، بلوچستا ن کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان اور ریاست آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹریز کو ایک مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس کے ساتھ’’ تھریٹ الرٹ‘‘ بھی بھجوایا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب آفس میں 13جون کی سہ پہر چار بجکر45منٹ پر موصولہ تھریٹ الرٹ کی کاپی فوری طور پر محکمہ داخلہ پنجاب، آئی جی پنجاب پولیس،کے ساتھ ساتھ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں، سیکرٹری اوقاف، اور ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کو ارسال کر دی گئی ۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ تھریٹ الرٹ کے پیش نظرسیکرٹری اوقاف ذوالفقار احمد گھمن کی ہدایت پر پنجاب بھر میں تعینات زونل ایڈمنسٹریٹرز اوقاف کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے ۔