ریاض ( نیٹ نیوز) مزدوری کے لیے سعودیہ جانے والا پاکستانی نوجوان فیشن ماڈل بن گیا۔ روزگار کی تلاش میں سعودی عرب جانے والے 24 سالہ پاکستانی نوجوان وقاص کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا اس نے اپنے دوست سے جو بات کہی تھی وہ اسے بڑھئی کے کام سے نکال کر کپڑوں کی ماڈلنگ کے میدان میں لے آئے گی، العربیہ ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے وقاص نے بتایا کہ میں 4 سال قبل روزگار کے لیے سعودی عرب آیا تھا ، میں نے ایک روز اپنے دوست فیصل کو فوٹو سیشن کی تصاویر ایڈٹ کرتے دیکھا تو اسے بتایا میری بچپن سے یہ خواہش ہے کہ میں اس شعبے میں کام کروں مگر اپنے وطن میں مجھے اس کا موقع نہیں مل سکا، میری بات سن کر دوست نے تجویز دی کی وہ میری ایک تصویر بنائے گا تا کہ اس شعبے میں کام کرنے والے ایک شخص کو بھیج سکے ، بعد ازاں وہ تصویر ٹوئٹر پر شیئر کر دی گئی اور اسے صارفین اور ایڈورٹائزنگ سے متعلقہ لوگوں میں بڑی پذیرائی حاصل ہوئی، اس طرح میرے اس شعبے کے اداروں کے ساتھ معاہدے طے پا گئے اور میرا بچپن کا خواب پورا ہو گیا۔