اسلام آباد( آن لائن )عالمی سطح پر خوبصورتی کے ہونے والے دنیا کے 4 بڑے مقابلوں میں سے ایک مقابلے میں پہلی بار تھائی لینڈ کی دوشیزہ 25 سالہ فارماسسٹ سریتھورن بنٹ نے ’مس انٹرنیشنل‘ کا اعزاز حاصل کرلیا۔یہ مقابلہ ’مس ورلڈ، مس یونیورس اور مس ارتھ‘ کے بعد خوبصورتی کا سب سے بڑا مقابلہ مانا جاتا ہے ۔رواں برس کا مس انٹرنیشنل مقابلہ بھی ہر سال کی طرح ٹوکیو میں منعقد ہوا، جس میں دنیا بھر کی 81 دوشیزاؤں نے شرکت کی لیکن پہلی بار تھائی لینڈ کی دوشیزہ نے اپنی خوبصورتی اور اداؤں سے دیگر ممالک کی حسیناؤں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اعزاز حاصل کرلیا،فائنل میں میکسیکو کی دوشیزہ اینڈریا ٹوسکانو فرسٹ رنر اپ، یوگنڈا کی حسینہ ایولین نماتو سیکنڈ رنر اپ، کولمبیا کی دوشیزہ ماریا الیگزینڈرا تھرڈ رنر اپ اور برطانیہ کی ہیروٹ لین فورتھ رنر اپ قرار پائیں۔سریتھورن بنٹ کی جانب سے مقابلہ جیتنے کے بعد تھائی لینڈ میں جشن منایا گیا اور مقامی میڈیا نے ان کی جیت کی خبر کو صفح اول پر شہ سرخی کے طور شائع کیا۔