محکمہ اوقاف پنجاب نے صوبہ بھر کی 435وقف مساجد اور 544وقف مزارات پر فلم اور ڈرامہ کی عکسبندی پر پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹر جنرل پیمرا لاہور کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اداکاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ مسجد وزیر خان میں نکاح اور گانے کی عکسبندی کے خلاف ملک بھر میں غم و غصہ کی لہر اٹھی۔جس کے بعد محکمہ اوقاف پنجاب نے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے آئندہ کے لئے محکمہ اوقاف کی مساجد اور مزارات پر ایسی کسی بھی طرح کی عکسبندی پر پابندی عائد کر دی ہے ،جس سے مساجد اور مزارات کی حرمت بحال رکھنے میں مدد ملے گی۔محکمہ اوقاف کے واضح اعلان کے بعد اب امید قائم ہوئی ہے کہ کوئی ادارہ کسی فلم کا پروڈیوسر یا ڈائریکٹر ذاتی تعلقات کی بنیاد پر یا پھر پیسہ استعمال کر کے ایسی عکسبندی کرنے کی جرات نہیں کرے گا جو خلاف شرع اور خلاف قانون ہو۔ محکمہ اوقاف پنجاب نے گلو کار بلال سعید اور صبا قمر کے خلاف مسجد کا تقدس پامال کرنے پر مقدمہ درج کروا دیا ہے، گو گلو کار بلال سعید اور صبا قمر نے بھی اس عکسبندی پر معافی مانگ لی ہے جس کے بعد اب امید قائم ہوئی ہے کہ آئندہ ایسا واقعہ پیش نہیں آئے گا۔ اس لئے سوشل میڈیا پر بھی اب اس معاملے کو اچھالنے سے گریز کیا جائے تاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے قانون کی روشنی میں دلجمعی کے ساتھ اپنی کارروائی کر سکیں۔