لاہور ( سٹاف رپورٹر) چیئرمین علما کونسل مولانا طاہر اشرفی نے بحریہ ٹائون میں قائم دنیا کی ساتویں بڑی اور پاکستان کی سب سے بڑی گرینڈ جامع مسجد میں خطبہ جمعہ دیا اور نماز کی امامت کر ائی اور خصوصی دعائیں مانگی گئیں، اپنے خطاب میں طاہر اشرفی نے کہا سیرت طیبہ پر عمل کرکے ہی ایک نیا پاکستان جنم لے سکتا ہے ۔ انہوں نے مسلمانوں کو اتحاد و یگا نگت کا درس دیتے ہوئے اپنے اعمال کی درستگی اور توبہ کرنے پر زور دیا ، طاہر اشرفی نے مسجد کی خوبصورتی اور آرائش کو سراہا اور ملک ریاض کے لئے بھی خصوصی دعا کی ، انہوں نے دیگر صاحب حیثیت لوگوں کو ملک ریاض حسین کے سماجی بہبود کے کاموں اور دکھی انسانیت کی خدمت کے عزم کی تقلید کرنے کی تلقین کی ، اپنے خطاب میں طاہر اشرفی نے کہا مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے ، پاکستان اور سعودی عرب کا کشمیر اور فلسطین کے مسئلہ پر موقف ایک ہے ، پاکستان میں فرقہ وارانہ تشدد پھیلانے کی سازشوں میں’’را ‘‘ اور پاکستان دشمن قوتیں ملوث ہیں، اسلامی تعاون تنظیم کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے ، اجتماع کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مذہب کے نام پر دہشت گردی، انتہا پسندی، فرقہ وارانہ تشدد، قتل و غارت گری خلاف اسلام ہے اور تمام مکاتب فکر اور تمام مذاہب کی قیادت نے اس سے مکمل اعلان برات کا اعلان کررکھا ہے ۔