لاہور(خصوصی نمائندہ)گور نر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیراور بھارتی جنگی جنون پر چین نے پاکستان کا بھر پور ساتھ دیکر دوستی کی نئی مثال قائم کردی ،پاک چین دوستی چٹان سے زیادہ مضبوط ہے ،بیرون ممالک مختلف شعبوں میں پاکستان کا نام روشن کر نیوالے پاکستانی ہمارے ہیروز ہیں،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حقیقی معنوں میں نیا پاکستان بنایا جارہا ہے ، ہر شعبے میں تیزی کیساتھ بہتر ی ہو رہی ہے ، روشن مستقل ہی آنیوالی نسلوں کا مقدر ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں پاکستانی نژاد برطانوی اعلیٰ پولیس افسران اور چینی طلبہ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا، اس موقع پر ان کی اہلیہ بھی موجود تھیں، بر طانوی پولیس کے اعلیٰ افسر چیف انسپکٹر زاہد خان، سپرنٹنڈنٹ شبنم چودھری اور ڈپٹی چیف نوید ملک کی قیادت میں وفد نے گورنر سے ملاقات کی، گور نرنے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا فخر اورقیمتی اثاثہ ہیں۔