کراچی(سٹاف رپورٹر)فلائٹس کم اور مسافر زیادہ ہونے کی وجہ سے سعودی عرب کے ٹکٹ بلیک میں فروخت ہونے لگے ہیں، سعودی عرب کی مہنگی ٹکٹس نے مسافروں کے ہوش اڑا دیئے ہیں،84 ہزارکا ٹکٹ ایک لاکھ 40 ہزارمیں فروخت کیا جارہا ہے ،سعودی عرب کے لیے اضافی پروازیں چلانے کا فیصلہ آج ہوجائے گا۔سعوی عرب کی جانب سے سفری پابندیاں نرم کیے جانے اورسعودی عرب واپس جانے والوں کا رش بڑھ جانے کے بعد ٹریول ایجنٹس نے سعودی عرب کی ٹکٹس مہنگی کردیں ہیں بلیک میں ملنے والی مہنگی ٹکٹوں کے باعث مسافر چکرا کر رہ گئے ہیں ۔پی آئی اے کے بعد دیگر ائیرلائنز کے کرائے بھی زیادہ وصول کیے جارہے ہیں۔پی آئی اے کا 84 ہزار کا ٹکٹ 1 لاکھ 20 ہزار سے ایک لاکھ چالیس ہزار تک فروخت کیا جارہا ہے ۔پی آئی اے نے دیگر ائیرلائنز سے رابطہ کر کے مشترکہ کارروائی اور لائحہ عمل طے کرنے پر مشاورت کی ہے ۔دوسری طرف پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے ) کے سربراہ ایئر مارشل ارشد ملک نے سعودی عرب کی پروازوں کے لیے اضافی کرائے کی وصولی کا نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کی ہدایت کی۔پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ چند ٹریول ایجنٹس اور عناصر کی طرف سے ٹکٹوں کی طلب سے فائدہ اٹھا کر اضافی کرایہ وصول کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں، کوئی بھی ایجنٹ چار سے پانچ ہزار سے زائد کمیشن وصول نہیں کرسکتا۔