لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے میں نے بلوچستان میں موجود مسائل کو اجاگر کیا اوربلوچستان کی بہتری کیلئے قدم اٹھایا،جام کمال سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں، جو پارٹی عوام کیلئے بنائی ہے وہ عوام کے بھی کام کرے ،امیدہے جوکمیٹی بنی ہے وہ مسئلے کو سنے گی اور معاملات ٹھیک کیاجائے گا۔پروگرام ہوکیارہاہے میں میزبان فیصل عباسی سے گفتگو میں انہوں نے کہاجام کمال اچھا انسان ہے لیکن ڈیڑھ سال ہوگیا وہ ابھی تک عوامی نہیں بنے ،بلوچستان پر دنیا کی نظریں ہیں اس کو آسان نہیں لیناچاہئے ، اس کیلئے وفاق اورپنجاب کو کردار ادا کرنا پڑے گا،جو فنڈز ہمیں ملتے ہیں ان سے میں اپنے صوبے کو ترقی نہیں دے سکتا،بلوچستان عوامی پارٹی کو نہیں توڑیں گے ،میرے خلاف آواران میں کرپشن کا کوئی کیس نکلے تو سیاست چھوڑ دونگا۔ وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا میں تو گزشتہ آٹھ نو ماہ سے یہ کہہ رہاہوں عثمان بزدار ہی وزیراعلی ہیں اور رہیں گے لیکن اپوزیشن اورہمارے بعض دوستوں کو یہ بات سمجھ نہیں آرہی ، وزیراعظم نے آخری مرتبہ واضح کیا کہ عثمان بزدار ہی وزیراعلی رہیں گے ،پنجاب میں پولیس کا سب سے برا امیج ہے کیونکہ اس کو خاندانی سیاسی پارٹیوں نے ا ستعمال کیا،وزیراعظم پنجاب میں پولیس کا کلچر بدلناچاہتے ہیں،پی ٹی آئی میں کوئی فاروڈ بلاک نہیں، مسلم لیگ ن کو اپنی پارلیمانی پارٹی کی خبر لینی چاہئے کیونکہ وہاں پر اختلافات ہیں،92نیوزپر ایک انٹرویوکے بعد میں نے فوادچودھری کے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔ تجزیہ کار عارف نظامی نے کہاکے پی کے میں تحریک انصاف کو دو تہائی اکثریت حاصل ہے وہاں پر پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف بغاوت کوئی برداشت نہیں کرسکتا، تین وزرا کی برطرفی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، ہوسکتا ہے عمران خان نے وزیراعلی کو بھی پیغام دیا ہوکیونکہ کے پی کے میں وزیراعلی کے غیرمنتخب بھائی حکومت کے تمام معاملات چلا رہے ہیں، عمران خان کوا ن سے ملنا چاہئے ،پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک بن چکا ،پنجاب کا معاملہ تھوڑ ا پیچیدہ ہے ۔