لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب ریونیو اتھارٹی ، لاہور چیمبر اور دیگر سٹیک ہولڈرز پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینا چاہتی ہے تاکہ باہمی روابط مزید مضبوط ہوں جن سے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ یہ بات اتھارٹی کے چیئرمین زین العابدین ساہی نے لاہور چیمبر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر ،نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد سابق صدر میاں مظفر علی اور سابق نائب صدر کاشف انور نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ پی آر اے کے کمشنر انفورسمنٹ شہزاد محمود گوندل ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران فیاض حیدر، واصف یوسف ، شیخ سجاد افضل بھی اجلاس میں شریک تھے ۔بھی موجود تھے ۔ چیئرمین پی آر اے نے کہا کہ مجوزہ کمیٹی مستقل بنیادوں پر میٹنگز کرے گی تاکہ پالیسی فیصلے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیے جاسکیں، ٹیکس دہندگان سے باقاعدہ روابط رکھنے کے لیے ایک ایپلیکشن بھی متعارف کروائی جاچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے درمیان ٹیکس ہم آہنگی کے سلسلے میں کافی پیش رفت ہوئی ہے ۔