لاہور(خصوصی نمائندہ،92 نیوزرپورٹ)وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے زکوۃکے مستحق ایک لاکھ 70 ہزار خاندانوں کی امداد کے لئے 87 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ،وزیر اعلی انصاف امداد پروگرام کے تحت ان افراد کو کل تک مالی امداد پہنچ جائے گی، کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کا بہترین حل گھرو ں میں رہنا ہے ، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار افراد کو رہا کردیاگیا ہے ،شہری حکومتی ہدایات پر من و عن عملدرآمد کریں اور اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگی محفوظ بنائیں،شہری گھروں میں رہیں گے تو کورونا وائرس کی بیماری سے محفوظ رہیں گے ۔وزیر اعلی نے ایکسپوسنٹر لاہور میں 1000 بستروں پر مشتمل ریکارڈ مدت میں بنائے گئے خصوصی فیلڈ ہسپتال کادورہ کیااور کورونا کے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ اورہسپتال کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پرانہوں نے کہا محکمہ صحت،ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو1122 کی مشترکہ کاوشوں سے 1000 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال بنایا گیا ہے ، اللہ تعالی کے کرم اور میری ٹیم کی دن رات کی محنت سے 9 روز میں 1000 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال کو فنکشنل کرنا انتہائی احسن اقدام ہے ،میں محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو1122 کے حکام کو شاباش دیتا ہوں، ہسپتال میں تمام ضروری سہولتیں مہیا کی گئی ہیں،تین وقت کے کھانے کا انتظام بھی ہے ،فیلڈ ہسپتال میں مریضوں کو آئسولیشن میں رکھا جائے گا،دیگر ہسپتالوں پر بھی پوری توجہ دے رہے ہیں،کورونا وائرس کی تشخیص کے لئے پنجاب میں نئی 8 لیب بنائیں گے ،تشخیصی لیبز کے لئے 62 کروڑ جاری کر دیئے ۔ضلع کی سطح پر ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو ٹریننگ دے رہے ہیں،پنجاب میں کورونا وائر س سے متاثرہ مریضوں کی زیادہ تعداد زائرین اور ٹریول ہسٹری رکھنے والوں کی ہے جبکہ33 لوکل ٹرانسمیشن کے مریض ہیں ،صوبائی وزراء چیف منسٹر انصاف امداد پروگرام کے تحت مستحق افراد کو مالی امداد کی تقسیم کے عمل کو مانیٹراور گندم خریداری مہم کی بھی نگرانی کریں گے ، کسانوں سے گندم 1400 روپے فی من خریدی جائے گی،گندم خریداری کیلئے گردآوری کی شرط ختم کر دی،کسانوں سے گندم پہلے آئیے ، پہلے پائیے کی بنیاد پر خریدیں گے ،خریداری مراکز پر ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرائیں گے ۔وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے پر رائے ونڈکو قرنطینہ کیا گیا ،دیہاڑی دار مزدوروں کو ریلیف دینے کیلئے چیف منسٹر انصاف امداد پروگرام کا آغاز کر دیا،پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار مالی امداد فراہم کرنے کا انتہائی شفاف اور تیز ترین طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے ،مختص 10 ارب سے 25 لاکھ مستحق خاندانوں کو 4 ہزار روپے کی مالی امداد دی جائے گی،امداد پروگرام کا تمام نظام آن لائن ہے ، درخواست دینے والوں لاکھوں لوگوں کے کوائف کی تصدیق کے بعد یہ امداد فوری طور پر دی جائے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجہ میں مصروف ڈاکٹروں، نرسوں اورپیرا میڈیکل سٹاف سے یکجہتی کااظہارکیااور انہیں پھول بھجوائے ۔مختلف شہروں کے انتظامی افسران نے وزیراعلیٰ کی جانب سے پیرامیڈیکل سٹاف کو گلدستے دئیے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ڈاکٹرز، نرسیں اور پیرامیڈیکل سٹاف ہمارے ہیرو ہیں، مشکل وقت میں مسیحاؤں کی خدمات کو ہمیشہ یادر کھا جائے گا۔پوری قوم ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کو سلام پیش کرتی ہے ۔