لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان اور ایران کے مابین وقت گزرنے کے ساتھ تجارتی و معاشی تعلقات مزید مستحکم ہونگے ۔ ان خیالات کااظہار ایرانی قونصل جنرل محمد رضا نذیری نے لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ایرانی کمرشل کونسلر علی اصغر ،پاکستان کے ایران میں سابق سفیر آصف دُرانی، لاہور چیمبر کے سابق صدور بشیر اے بخش اور فاروق افتخار،سابق سینئر نائب صدور امجد علی جاوا اورخواجہ خاور رشید اور لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران حاجی آصف سحر، شفیق بٹ، فیاض حیدر، واصف یوسف ، ذیشان سہیل ملک ، عاقب آصف، حارث عتیق اور محمد خالد بھی موجود تھے ۔ ایرانی کونسل جنرل نے کہا کہ تمام رکاوٹوں کے باوجود دونوں ممالک کے مابین تجارت کا حجم بہتر ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں دونوں ممالک کے معاشی و تجارتی روابط مزید مستحکم ہوں گے ۔انہوں نے لاہور چیمبر کے ممبران کو ایران میں ہونے والی دو نمائشوں ہاٹ اینڈ کول ایکواپمنٹ اور میڈیکل ایکواپمنٹ میں شرکت کی دعوت دی۔محمد رضا نذیری نے کہا کہ پاکستان اور ایران مشترکہ بارڈر اور تقافتی روابط کے حامل ہیں۔