اسلام آباد ، ٹیکسلا، راولپنڈی ( سپیشل رپورٹر ، تحصیل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کا دورہ کیا۔ڈی جی آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف کوادارے کے پیداواری یونٹس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں تکمیل شدہ اہداف،مستقبل سے متعلق بتایاگیا۔آرڈیننس فیکٹری میں جدت لانے اوردیرپاپیداوارکی تفصیلات سے بھی آگاہ کیاگیا۔مسلح افواج کی آپریشنل ضروریات کے مطابق جدیدٹیکنالوجی کاحصول بھی بریفنگ کاحصہ تھا۔ جنرل قمرجاویدباجوہ کو پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کے بین الاقوامی امورسے متعلق بھی بتایاگیا۔قومی خزانے کوبرآمدات سے تقویت دینے سے متعلق امورپربھی بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے آرڈیننس فیکٹری میں نئی تیارکردہ دفاعی مصنوعات کاجائزہ لیا۔سپہ سالارنے پی اوایف انتظامیہ اورملازمین کی ادارے کی ترقی کیلئے لگن کوسراہا۔ آرمی چیف نے کہاپاکستان آرڈیننس فیکٹری پاکستان کے دفاع کیلئے سرگرم عمل مسلح افواج کے پیچھے اصل طاقت ہے ،ٹیکنالوجی کی ترقی ،جدت اور مقامی پیداوار دفاعی شعبے میں خودانحصاری کیلئے ناگزیرہے ،مستقبل کے میدان جنگ کے تمام چینلجزسے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ مکمل طورپردفاعی پیداوار کے شعبے میں خودانحصاری کواپنایاجائے ۔اس سے پہلے آرمی چیف کے پی اوایف واہ پہنچنے پر چیئرمین پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبرنے استقبال کیا۔