مستونگ،کوئٹہ( نیوزایجنسیاں)مستونگ میں سی ٹی ڈی کے آپریشن کے نتیجہ میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر اور خاتون سمیت4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ کوئٹہ میں سب انسپکٹر کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجہ میں اسکابیٹا اور بھائی جاں بحق ہوگئے ۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گزشتہ روزمستونگ کے علاقہ دشت تیرا میل میں گرفتار دہشتگردفضل حق کی نشاندہی اور انٹیلی جنس اطلاع پر کارروائی کی گئی ۔ دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی اہلکاروں کے علاقہ میں داخل ہوتے ہی چھوٹے بڑے ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کر دی جس کی زد میں آ کر4 اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ بکتر بند گاڑی کے قریب ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ تاہم سی ٹی ڈی کی جوابی فائرنگ میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر عاصم اور خاتون سمیت 4 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ۔ تیرامیل آپریشن مکمل کر کے سرچنگ کا عمل شروع کر دیا گیا۔ فائرنگ سے زخمی ہونیوالے 2 اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے ۔ آئی جی بلوچستان محسن حسن بٹ نے دشت میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کے مقام کا دورہ کیا اور سی ٹی ڈی کی کارروائی کو سراہا۔ کارروائی کے بعد کوئٹہ میں ڈی آئی جی پولیس عبدالرزاق چیمہ ،ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز احمد گورایا،کمانڈنٹ غزہ بند سکائوٹ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ ڈی آئی جی پولیس عبدالرزاق کاکہناتھاکہ ہلاک ہونے والا کمانڈر عاصم دہشتگردی کی 10بڑی وار داتوں میں شامل تھا بلکہ وہ فورسز پر حملوں میں بھی ملوث تھا۔ عاصم کی شناخت کیلئے اسکے فنگر پرنٹس متعلقہ حکام کو ارسال کردیئے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز احمدنے کہاکہ کالعدم تنظیم کے کمانڈر سلمان بادینی کی ہلاکت کے بعد دہشتگردی کیخلاف جنگ میں شدت آگئی ہے ۔ مارے جانیوالے کمانڈر عاصم نے تباہی پھیلانے کی منصوبہ بندی کررکھی تھی۔ایک مکان سے فورسز کو خودکش جیکٹس ،راکٹ لانچر ،دیسی ساختہ بم ،گولیاں اور موبائل فون ملے ہیں۔ مکان سے ایف سی اہلکاروں پر حملوں میں استعمال ہونیوالا اسلحہ اور یونیفارمز بھی ملے ہیں۔ ایف سی مددگار سنٹر پر خودکش حملہ کرنیوالوں کو بھی اسی مکان سے بھیجاگیاتھا۔اس موقع پر کمانڈنٹ غزہ بندسکائوٹ کاکہناتھاکہ خودکش حملہ آور فورسز کی گاڑی میں داخل ہوکر خودکو اڑاناچاہتاتھا تاہم اسکی یہ کوشش ناکام بنادی گئی۔ خودکش دھماکہ کی آڑ میں مارا جانے والا کمانڈر اورخاتون فرارہونے کی کوشش کررہے تھے تاہم انہیں ہلاک کردیاگیا۔ذرائع کے مطابق مستونگ میں سی ٹی ڈی کے آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے راکٹ حملے میں 4 سالہ بچہ جاں بحق گیا۔ علاوہ ازیں کوئٹہ کے علاقہ نواں کلی میں جناح ٹائون تھانہ کا سب انسپکٹر اپنی نجی گاڑی میں بیٹے اور بھائی کے ہمراہ گھر جارہا تھاکہ اس دوران گھات لگائے ملزموں نے گاڑی پر فائرنگ کردی۔حملہ میں سب انسپکٹرشدید زخمی ہوگیا جبکہ اسکا بیٹا اور بھائی جاں بحق ہوگئے ۔ سب انسپکٹرکو انتہائی تشویشناک حالت میں سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا ۔ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا کہ واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے ۔ مستونگ، آپریشن