لاہور(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ فلسطین میں وحشت و بربریت کا بدترین کھیل جاری ہے ، مگر عالمی ضمیر خاموشی کی چادر تان کر سو رہا ہے ۔ غزہ میں صیہونیوں کی ننگی جارحیت پر مسلمان حکمران زبانی جمع خرچ سے کام نہ لیں۔ امت مسلمہ کو یک جان ہو کر ظالم کے خلاف کھڑا ہونے کی ضرورت ہے ۔ پاکستان کو آگے بڑھ کرکردار ادا کرنا چاہیے ۔ فلسطین و کشمیر میں ظلم کی سیاہ رات جلد ختم ہو گی۔ مجاہدوں اور آزادی کے متوالوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ جماعت اسلامی جمعہ 21مئی کو ملک میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے لاکھوں پاکستانیوں کو اکٹھا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور بھارت کھل کر دہشت گرد اسرائیل کی حمایت کر رہے ہیں۔ مسلم ممالک کے حکمرانوں کو اپنے دوستوں اور دشمنوں کو پہچاننا چاہیے ۔ پاکستانیوں کے دل فلسطینیوں کے لیے دھڑکتے ہیں۔ قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ جماعت اسلامی کے فلسطینیوں کے لیے قائم کیے گئے فنڈ میں بھرپور حصہ ڈالیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر پائین میں عوامی نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے قوم سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کے روز فلسطینیوں کے حق میں نکالی جانے والی ریلیوں میں بھرپور شرکت کویقینی بنائیں۔ریلیوں میں ماسک پہن کر آئیں اور کورونا ایس او پیز کا خیال رکھیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان ممالک او آئی سی کے پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے ایک مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں۔