نیویارک (ندیم منظور سلہری سے ) اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم (او آئی سی )نے مقبوضہ کشمیر میں جاری صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے بھارت پر دبائو ڈالیں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کو عملی جامہ پہنایا جائے جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نئی جارحیت کا جواز پیش کر کے فالس فلیگ آپریشن کرسکتا ہے ۔نیویارک میں مقبوضہ کشمیر سے متعلق اوآئی سی رابطہ گروپ کے ارکان کا اجلاس ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر میں جاری صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب ،نائیجر اور آذر بائیجان کے نمائندوں نے شرکت کی، او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کی نمائندگی اقوام متحدہ میں او آئی سی آبزرور مشن کے مستقل نمائندے آگشین مہدی ایف نے کی ۔ او آئی سی رابطہ گروپ کا اجلاس وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی درخواست پر ہوا۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب منیر اکرم نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا پیغام پڑ ھ کر سنایا ۔وزیر خارجہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت نے جارحیت کے ساتھ پاکستان کے خلاف بیان بازی تیز کر دی ، بھارتی اقدامات سے علاقائی امن وسلامتی کو شدید خطرہ ہے ، بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی فوجی محاصرے کو فوری اٹھائے ، وادی میں مواصلات اور نقل و حرکت کی پابندیاں ختم کرے ۔ پاکستانی مندوب منیر اکرم نے کہا کہ آرایس ایس، بی جے پی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کر دی اور مقبوضہ کشمیر میں اردو زبان کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔