لاہور(اشرف مجید)پنجاب بھر کی ٹرانسپورٹ تنظیموں نے فٹنس سنٹرز بند ہونے ، ٹریفک پولیس ، محکمہ ٹرانسپورٹ ، ایل ٹی سی اور موٹر وے پولیس کی جانب سے بے جا چالان کرنے کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے ، تحریک کا آغاز آج لاہور سے کیا جائے گا جس میں پنجاب بھر کی ٹرانسپورٹ تنظیموں نے شرکت کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران کی نا اہلی کے باعث پنجاب کے 33اضلاع میں فٹنس سرٹیفکیٹ سینٹرز بند ہیں جس کے باعث فٹنس سرٹیفکیٹ اور نہ ہی ٹرانسپورٹروں کو روٹ پرمٹ جاری کئے جا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب فٹنس و روٹ پرمٹ نہ ہونے پر تمام اضلاع میں موجود ڈی آر ٹی ایز ، ٹریفک پولیس، موٹر وے اینڈ ہائی ویز پولیس کی جانب سے ٹرانسپورٹروں کو بھاری جرمانے کیے جا رہے ہیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹروں کی جانب سے متعدد بار وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خاں کھچی اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ سید علی مرتضی کو درخواست کی کہ یا تو فٹنس سینٹر ز کھلوا ئے جائیں یا پھر تمام محکموں کو تحریری طور پرٹرانسپورٹروں کو جرمانے نہ کرنے کا پابند کیا جائے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹروں کی بات سننے کی بجائے افسران نے ان سے ملنا بھی بند کر دیا جس پر ٹرانسپورٹروں نے مجبوراً احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر احتجاج لاہور سے شروع ہو گا اگر مطالبات نہ مانے گئے تو اسکا دائرہ کار پنجاب بھر میں پھیلا دیا جائے گا اور بعد ازاں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا دیں گے ۔