لاہور(سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں علمائو مشائخ رابطہ کونسل پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ میلاد مصطفی ﷺ کانفرنس کا انعقاد ہوا ۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی دیوان موعود مسعودجبکہ صدارت امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کی۔ امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ فرانس کے بدبخت صدر کو حضور ﷺ کی شان میں گستاخی کرنے کی جرات اس لئے ہوئی کہ عالم اسلام کے غیرت وحمیت سے عاری حکمران بے حسی کی چادر اوڑھ کر سوئے ہوئے ہیں،صرف ترکی کے صدر اردوان نے جرات کا مظاہرہ کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے اپنی ناقابل فہم پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ۔ ایٹمی قوت ہونے کے باوجود ہم کشمیر پر انڈیا کا قبضہ ختم نہیں کراسکے ۔حکومت پیپلز پارٹی کی ہو ،مسلم لیگ یا پی ٹی آئی کی ،یہ سارے مدینہ کی طرف نہیں واشنگٹن کی طرف دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں مندر کیلئے سابق وزیر اعظم نے دوسو ملین کی زمین دی اور موجودہ نے تعمیر کیلئے ایک سو ملین کی خطیر رقم فراہم کی،حالانکہ وفاقی شرعی عدالت اور جید علمائکا فتوی ٰ ہے کہ مندر کی تعمیر کیلئے مسلمانوں کے ٹیکسوں کے پیسے سے رقم دینا حرام ہے ۔ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کہا کہ امت اس وقت جس کرب میں مبتلا ہے اس کا اس پر ہمارے اسلاف کی روحیں تڑپ رہی ہونگی ۔ خواجہ معین الدین کوریجہ نے کہا کہ پاکستان کی بقا ،سا لمیت اسی میں ہے کہ جس طرح ہمارے دشمن ہمارے خلاف اکٹھے ہیں اسی طرح ہم بھی اپنے دشمن کے خلاف متحد ہوکر شیشہ پلائی دیوار بن جائیں۔ پیر غلام رسول اویسی نے کہا کہ منصورہ نے اتحاد امت کا جو درس دیا اس نے ملک و قوم کے تحفظ اور سا لمیت کو یقینی بنا دیا ۔ میاں جلیل احمد شرقپوری نے کہا کہ انسانیت کو امن و آشتی کا جو پیغام رسول اللہ ﷺ نے دیا وہ کوئی اور ہستی نہیں دے سکی۔ ڈاکٹر طارق شریف زادہ نے کہا کہ سراج الحق نے سید مودودیؒ کے اتحاد امت کے خواب کو شرمندہ تعبیر کردیاے ۔ علامہ سید جواد حسین نقوی نے کہا کہ ہمارے دشمن نے ہمیں ایک دوسرے کے خلاف صف آرا کرکے ہماری قوت کو ختم کردیا ۔ بشپ نذیر عالم نے کہا کہ پاکستان کی سا لمیت ،تحفظ اور بقا کی جدوجہد میں ملک کی مسیحی برادری آپ کے ساتھ ہے ۔ دریں اثنائجماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے فرانس میں خاتم النبیین حضرت محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شانِ اقدس میں ایک مرتبہ پھر سرکاری دیواروں پرگستاخانہ خاکے چھاپے جانے اور فرانس کے صدر کی سے گستاخانہ بیان اور سرپرستی کے خلاف تحریک التوا سینٹ سیکریٹریٹ میں جمع کرا دی ۔