آج میں مسلم لیگ ن کے سپورٹرز اور ان لوگوں سے چند سوالات کرنا چاہتا ہوں جن کا اصرار ہے کہ ان کی کسی بھی پارٹی سے سیاسی وابستگی نہیں۔ 1۔میرا مسلم لیگ کے جمہوریت پسند کارکنوں سے سوال یہ ہے کہ جب میاں محمد نواز شریف لاہور سے ناشتہ منگوانے کے لیے پی آئی اے کا طیارہ استعمال کرتے تھے اور کروڑوں روپے بادشاہوں کی طرح قومی خزانہ سے لٹا رہے تھے تو کیا مسلم لیگ کے متوالوں میں سے کسی نے بھی قومی وسائل کے بے دریغ استعمال پر سوال اٹھایا؟ 2۔میاں نواز شریف کے چاہنے والوں میں سے کسی نے ان سے یہ پوچھا کہ آپ نے پی آئی اے کے طیارے کو محض اس لیے کیوں روکے رکھا کیونکہ آپ ترکی کے ایک معروف ریستوران سے کھانا کھانا چاہتے تھے؟ 3۔ جب نواز شریف علاج کے لیے سرکاری خرچ پر پی آئی اے طیارے میں لندن گئے اور جب تک ان کا علاج ہوتا رہا انہوں نے ایک ماہ تک قومی ایئر لائن کے طیارے کو لندن میں کس قانون کے تحت پارک کیے رکھا اور کس قانون کے تحت لاکھوں روپے قومی خزانے سے لٹائے ؟ 4۔ جب میاں نواز شریف میگا کرپشن کیسز میں ملوث پائے گئے یا پھر جب پاکستان کا وزیر اعظم ہوتے ہوئے ان کی دبئی میں ملازمت کا انکشاف ہوا تو کسی مسلم لیگی کارکن نے ان سے اس بدعنوانی پر سوال کیا؟ 5۔ جب مسلم لیگ ن نے آئین سے ختم نبوت کی شق خاموشی سے نکال دی کیا اس وقت بھی کسی نے میاں نواز شریف سے وجہ پوچھی؟ 6۔ جب ماڈل ٹائون میں 14بے گناہوں کو قتل کیا گیا تو اس بے انصافی کے خلاف بھی کسی نے آواز بلند کی؟ 7۔ جب میاں نواز شریف سپریم کورٹ اور پاک فوج کے خلاف زہر اگل رہے تھے تب ہی کسی نے صدا بلند کی؟ 8۔ جب میاں نواز شریف نے باراک اوباما سے ملاقات میں پرچی سے پڑھ کر مذاکرات کیے کیا تب اس قومی ہزیمت پر کسی نے ان سے پوچھا؟ 9۔ جب آپ کے لیڈر کی شوگر ملز سے را کے ایجنٹ پکڑے گئے تو کسی نے آواز اٹھائی؟ 10۔ مسلم لیگ ن کے کسی کارکن کو کبھی یہ جرات ہوئی کہ وہ اپنے لیڈر سے پوچھ سکے کہ ان کے بیٹے 17,18سال کی عمر میں اربوں ڈالر کے مالک کس طرح بن گئے؟ 11۔ مسلم لیگ کے ہمدردوں اور مخلص کارکنوں نے پارٹی قیادت سے پوچھا کہ اس نے 2013ء کے انتخابات میں پارٹی کے مخلص کارکنوں کو چھوڑ کر 148 لوٹوں کو ٹکٹ کیوں دیا؟ 12۔ کسی نے میاں نواز شریف سے پوچھا کہ انہوں نے آئی ایس آئی سے پیسے لے کر بے نظیر کے خلاف مہم کیوں چلائی؟ 13۔ کیا آپ نے کبھی میاں نواز شریف سے یہ سوال کیا کہ انہوں نے ایک آمر کی گود میں بیٹھ کر مسلم لیگ کے وزیراعظم محمد خان جونیجو کی پیٹھ میں چھرا کیوں گھونپا؟ 14۔کسی پارٹی کارکن بالخصوص خواتین نے یہ سوال اٹھایا کہ ان کی قیادت نے حسین حقانی کو بے نظیر اور نصرت بھٹو کی کردار کشی کے لیے کیوں استعمال کیا؟ 15۔ مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے کبھی میاں نواز شریف سے یہ سوال کیا کہ وہ پارٹی کارکنوں کو چھوڑ کر آمر سے ڈیل کر کے سعودی عرب کیوں فرار ہو گئے تھے؟ 16۔ کسی میں اتنی جرات ہے کہ میاں نواز شریف سے یہ پوچھ سکے کہ ان کا خاندان کھانسی اور زکام کا علاج بھی سرکاری خرچے پر لندن میں ہی کروانا کیوں پسند کرتا ہے؟ 17۔ مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے کبھی نواز شریف سے سوال کیا کہ تین بار وزیر اعظم بننے کے باوجود انہوں نے کالا باغ ڈیم بنانے کے لیے کیا کوششیں کیں؟ 18۔ کسی نے ان سے پوچھا کہ انہوں نے اور ان کے خاندان نے گزشتہ پانچ سال میں کتنے قرضے لیے؟ 19۔ کبھی آپ نے پوچھا کہ آپ کی قیادت نے ہمیشہ ہسپتال کالجز اور یونیورسٹیاں بنانے کی بجائے میٹرو منصوبوں کو ہی کیوں ترجیح دی؟ 20۔ عدالتیں گزشتہ 2سال سے میاں نواز شریف اور ان کے خاندان کی بیرون ملک اربوں ڈالر کی جائیدادوں کی منی ٹریل مانگ رہی ہیں کیا مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے منی ٹریل کا پوچھا؟ 21۔کیا آپ نے اپنے قائد سے پوچھا کہ آپ نے عدالتوں سے نااہل ہونے کے باوجود بھی درجنوں گاڑیوں کے پروٹوکول پر سرکاری خزانہ سے کروڑوں روپے کس قانون کے تحت خرچ کیے ہیں؟ 22۔ کسی نے پنجاب میں بلدیاتی نظام کو موثر نہ کرنے پر ہی سوال کیا؟ 23۔مسلم لیگ ن کے محب الوطن کارکنوں نے اپنے قائد سے کلبھوشن جادیو کے متعلق خاموشی کی وجہ دریافت کی؟ 24۔ کسی نے یہ سوال کیا کہ جب تک وہ وزیر اعظم رہے چار سال تک وزیر خارجہ مقرر نہ کر کے انہوں نے پاکستان کو عالمی تنہائی کی طرف کیوں دھکیلا؟ 25۔ کسی نے ان سے سوال کیا کہ وہ رات کی تاریکی میں جندال اور مودی سے ملاقاتیں کر کے کون سی خفیہ سفارت کاری میں مصروف رہے؟ 26۔ آخر میاں نواز شریف بھارتی دوروں کے دوران کشمیری قیادت سے کیوں نہ ملے؟ 27۔ کسی مسلم لیگ ن کے متوالے نے میاں نواز شریف سے پوچھا کہ وہ اپنے برطانوی شہری بیٹے کو سرکاری دورے پر اپنے ہمراہ بھارت کیوں اور کس حیثیت میں لے کر گئے؟ 28۔ کسی نے میاں نواز شریف سے مریم نواز کی اربوں کے فنڈز کے استعمال والی تقرری پر ان کی بیٹی ہونے کے علاوہ اہلیت کے بارے میں سوال کیا؟ 29۔ کسی نے میاں نواز شریف سے پوچھا کہ نجم سیٹھی کے پاس کرکٹ کا کیا تجربہ تھا کہ ان کو پی سی بی کا چیئرمین لگا دیا گیا؟ 30۔ کیا کسی نے میاں نواز شریف سے پوچھا کہ انہوں نے فاروق بندیال کو پارٹی ٹکٹ کیوں دیا اور کارکنوں نے بندیال کو ووٹ کیوں دیے؟ 31۔ کسی نے ان سے پوچھا کہ ان کا اپنا لوہے کا کاروبار تو دن دگنی رات چوگنی ترقی کر رہا ہے مگر سٹیل ملز کیوں نہ چلائی جا سکی۔ 32۔ کیا مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے اپنی قیادت سے پوچھا کہ ان کی حکومت کے دور میں پی آئی اے کا خسارہ کیوں بڑھتا گیا جبکہ ان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی ایئر لائن اربوں کا منافع کس طرح کما رہی ہے؟ میری پاکستان مسلم لیگ ن کے سپورٹرز تجزیہ کاروں میڈیا پرسنز سول سوسائٹی کے علمبرداروں اسٹیبلشمنٹ پر تنقید کرنے والوں سے گزارش ہے کہ وہ دوسروں پر انگلی اٹھانے سے پہلے اپنے گریبان میں ضرور جھانکیں ‘میں دلائل کے ساتھ جواب کوخوش آمدید کہوں گا۔