لاہور(سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ( ن) نے یوتھ ونگ سے 35سال سے زائد عمر کے رہنمائوں کوالگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ یوتھ ونگ کا عہدیدار 35 سال سے زائد عمر کا شخص نہیں بن سکے گا،اس اقدام سے صرف نوجوان ہی یوتھ ونگ کا حصہ بن سکیں گے ۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے یوتھ ونگ کی تنظیم سازی کے لئے حد عمر35 سال مقرر کر دی ہے ،سابقہ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے کئی اہم عہدیدار دوبارہ یوتھ ونگ ممبر نہیں بن سکیں گے ۔عمر کی نئی حدمقررہونے سے 56سالہ کیپٹن (ر)صفدر بھی دوبارہ یوتھ ونگ کے عہدیدار نہیں بن سکیں گے ۔48 سالہ عابد شیر علی بھی یوتھ ونگ کے عہدیدار نہیں رہیں گے ۔ 44 سالہ خرم روحیل اصغر بھی اپنا عہدہ برقرار نہیں رکھ سکیں گے جبکہ ایم ایس ایف پنجاب کے 42سالہ صدر شہزاد خان بھی یوتھ ونگ کے ممبر نہیں رہیں گے ۔جنرل سیکرٹری ایم ایس ایف لاہور بوبی گجر کی عمر بھی35سال سے زائدہے ۔