نیویارک ( ندیم منظور سلہری سے ) بھارتی امریکن معروف سکالر ڈاکٹر امرجیت سنگھ نے پاکستان کے یوم آزادی کے حوالے سے کہا کہ مسلمان خوش قسمت ہیں کہ انہیں روشن دماغ اور نڈر لیڈر محمد علی جناح ؒملے جنہوں نے ہندوئوں اور انگریزوں سے لڑ کر پاکستان حاصل کیا، اس میں کوئی شک نہیں کہ اگر قائداعظمؒ نہ ہوتے تو پاکستان بھی نہ بنتا ، انہوں نے کہا کہ سکھ رہنماؤں کی نااہلی اور کانگریس کے جھوٹے وعدوں پر اعتبار کرتے ہوئے ہم خالصتان کی شکل میں علیحدہ ملک بنانے میں ناکام رہے ،بیسویں صدی کے سکھ فلاسفر سردار کپور سنگھ اپنی زندگی میں قائداعظم ؒاور علامہ اقبالؒ سے ملاقاتیں کرتے رہے ایک دن قائداعظمؒ نے انہیں کہا کہ سکھ کانگریس کے رہنماؤں کے وعدوں پر اعتبار نہ کریں اگر انہوں نے حقائق کو تسلیم نہ کیا تو پھر ایک دن ایسا بھی آئے گا کہ یہی ہندو لیڈر سکھوں کے خون کے پیاسے ہو جائیں گے ۔سردار کپور سنگھ اپنی کتاب میں لکھتے ہیں کہ قائداعظم ؒ نے سکھ لیڈروں کو آفر بھی دی تھی کہ اگر وہ ہمارا ساتھ دیں تو مسلمان اُن کیلئے بھی علیحدہ خطے کے لئے کوششیں کر سکتے ہیں لیکن بدقسمتی سے اس وقت کی سکھ لیڈرشپ اپنی نااہلی کی وجہ سے گاندھی ، پٹیل اور نہرو کے دھوکے میں آگئی ۔