ممبئی (این این آئی) معروف بھارتی فلمساز،ہدایت کار مہیش بھٹ نے کہا کہ مسلمانوں سے نفرت ہی حکمران جماعت بی جے پی کا مقصد اور زندگی ہے ، اس وقت بھارت میں ہر ہندوستانی، مسلمانوں سے نفرت کرتا ہے یا ان سے ڈرتا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے مودی اور بی جے پی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے بھارت میں اقلیتوں اور خاص طور پر مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر کھل کر بات کی ،مہیش بھٹ نے کہا کہ بھارت میں میڈیا بھی اسلاموفوبیا بڑھانے میں کردار ادا کر رہا ہے اور میڈیا دن رات مودی کی حکومت کو برقرار رکھنے کی کوششوں میں مصروف دکھائی دیتا ہے ، بھارت میں ادارہ جاتی یعنی سرکاری سطح پر بھی تعصب پایا جاتا ہے تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے یہ تعصب کھل کر سامنے آیا اور اب لوگ جان چکے ہیں کہ مسلمانوں سے نفرت دراصل بی جے پی کا مقصد اور حیات ہے ۔