گوجرانوالہ (92نیوز رپورٹ) پیر زادہ محمد ثاقب رضا مصطفائی نے کہا ہے کہ مسلمانوں کو اپنی اصلاح بھی کرنی چاہیے ، جب تک دل کی اصلاح نہیں ہوتی تب تک آپ کی اصلاح نہیں ہو سکتی، گوجرانوالہ میں ادارہ المصطفیٰ انٹرنیشنل میں مصطفائی اجتماع کے نام سے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اﷲ کا ذکر کثرت کے ساتھ کیا کرو کیونکہ یہ مردہ دلوں کو بھی زندہ کر دیتا ہے ، بے شک اﷲ تعالی دلوں کے راز جانتا ہے ، انہوں نے ملکی سلامتی اور خو شحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔کانفرنس کی صدارت پیرزادہ محمد ثاقب رضا مصطفائی نے کی ،کانفرنس میں ملک کے نامور علماء کرام کی بڑی تعداد شریک ہوئی ،ہزاروں عاشقان رسول ﷺ بھی شریک ہوئے ،فضا عاشقان رسولﷺ کے نعروں سے گونج اٹھی۔ جیوے پاکستان کے عنوان کے نام سے پہلی نشست میں علماء کرام نے فرمایا کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا اور یہ تا قیامت سلامت رہے گا، اس کی حفاظت کے لیے تمام علماء کرام متحد ہیں ، پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے کسی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے جبکہ نشست دوئم میں علماء کرام نے امت کی اصلاح پر زور دیا کہ مسلمانوں کو متحد ہونا چاہیے ، مسلمانوں پر جو ظلم ڈھائے جا رہے ہیں وہ مسلمانوں کے اکٹھے نہ ہونے کے باعث ہیں، تمام مسلمان ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر ایک ساتھ ہو کر اسلام کے لیے کام کرنا چاہئے ، دہشتگرد کا کسی بھی مذہب سے تعلق نہیں۔ کانفرنس کی پہلی نشست سے مولانا طاہر ریاض مصطفائی، مولانا حافظ شیراز احمد مصطفائی، مولانا مفتی لیاقت امین مصطفائی، مولانا حاف محمد یامین مصطفائی اور ترکی سے آئے محترم محمد سعید چتین نے خطاب کیا، پہلی نشست سے تلاوت قران کی سعادت محمدمنیر مصطفائی نے حاصل کی جبکہ حافظ حسنین شریف مصطفائی اور محمد حسیب اکرم مصطفائی نے رسول کریم ﷺ کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کیا، درس نظامی کے طلبا نے قصیدہ بردہ شریف پیش کیا۔دوسری نشست میں تلاوت کی سعادت حافظ حامد رضا مصطفائی نے حاصل کی، نعت پیش کرنے کی سعادت مدثر اقبال مصطفائی کے حصے میں آئی، دوسری نشست سے پیرزادہ محمد ثاقب رضا مصطفائی کے علاوہ مولانا محمد خالف مصطفائی، مولانا تنویر سالک مصطفائی، مولانا نعیم الرضا مصطفائی، مولانا حفیظ اﷲ مصطفائی، مولانا تنویرالحسن مصطفائی، ڈاکٹر عبداﷲ آصف مصطفائی، حافظ فاروق الحسن مصطفائی نے خطاب کیا۔