اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلی فو نک رابطہ ہوا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آرمی چیف اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان افغان امن عمل میں تازہ پیشرفت اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔آرمی چیف کا کہنا تھا پاکستان ہمیشہ سے افغانوں کی امنگوں کے مطابق افغان مسئلہ کے حل کا حامی رہا اورتمام فریقین کے اتفاق رائے سے افغان امن عمل کی کامیابی کا متمنی ہے ۔امریکی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستانی کاوشوں کو سراہااور کہا پاک، امریکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی۔آرمی چیف سے جاپان کے سفیر نے بھی جی ایچ کیو میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سکیورٹی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے اقدامات پر گفتگو کی گئی گئی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا پاکستان جاپان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ، علاقائی استحکام کیلئے جاپان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ جاپانی سفیر نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کی خصوصی تعریف کی اور پاکستان سے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔