اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہاہے کہ مسئلہ فلسطین حکومت پاکستان کی اولین ترجیح، ہر پاکستانی کے دل کے قریب ہے ،پاکستان کی فلسطینی عوام کیلئے غیرمتزلزل حمایت اتنی ہی پرانی ہے جتنا یہ ملک۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پالیسی انسٹیٹیوٹ کی جانب سے ’’مسئلہ فلسطین‘‘ پر ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستانی حکومت، عوام فلسطینیوں کی منصفانہ جدوجہد کے حامی رہے ، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطین کو تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں شامل ہے ،پاکستان نے تمام عالمی فورمز، اقوام متحدہ، او آئی سی پر فلسطین سے متعلقہ قراردادوں کی بالو اسطہ و بلا واسطہ حمایت کی ہے ،انہوں نے کہاکہ پاکستان نے 2012ء میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں فلسطین کو اقوام متحدہ کا مبصر ریاست بنانے کی قرارداد کی حمایت کی، ہمارے لیے مسئلہ فلسطین کئی وجوہات کی بنا پر اہم ہے ، مسئلہ فلسطین، اسلامی سربراہی کانفرنس کے جنم کا باعث بنی، ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ ہم عالمی قوانین کے تحت تسلیم شدہ بنیادی حق ’’حق خودارادیت‘‘پر اصولی موقف رکھتے ہیں، پاکستان اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی عوامی حق خودارادیت کی قرارداد کابھرپور حامی ہے ، یہ مسئلہ انسانی حقوق کے تناظر میں انتہائی اہم ہے ، انہوں نے کہاکہ ہمیں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سخت تحفظات ہیں، فلسطینی عوام کو گزشتہ سات دہائیوں سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کاسامنا ہے ۔