بھارتی میڈیا شاہد آفریدی فائونڈیشن کے زیر اہتمام ایک تقریب میں کشمیر کے حوالے سے شاہد آفریدی کے بیان کو اپنے مذموم ایجنڈے کے حصول کے لیے پراگندا مہم کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے ۔قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا جبکہ بھارتی وزیر اعظم جواہر لعل نہرو نے بھی جلسہ عام میں یہ تسلیم کیا تھا کہ بھارت کسی صورت بھی کشمیر کو زبردستی بھارت کا حصہ نہیں بنائے گا۔ اسی طرح اقوام متحدہ نے بھی اپنی قرار دادوں میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کیا ہے مگر بھارت گزشتہ 70برسوں سے نہ صرف کشمیر پر غاصبانہ قبضہ برقرار رکھے ہوئے ہے بلکہ بھارتی فوج کشمیریوں کی نسلی کشی کے ذریعے وادی کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کے مکروہ ایجنڈے پر بھی کام کر رہی ہے۔ کشمیریوں کی پاکستان سے محبت کا اس سے بڑھ کر ثبوت اور کیا ہو سکتا ہے کہ آج بھی کشمیری ہزاروں بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں اپنے شہیدوں کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر تدفین کرتے ہیں مگر بدقسمتی سے بھارت کشمیریوں کا تسلیم شدہ حق خود ارادیت ماننے کی بجائے پراپیگنڈا مہم کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ شاہد آفریدی کا گزشتہ روز کے بیان کو بنیاد بنا کر بھارتی میڈیا کا پرپیگنڈا بھی اسی بھارتی سازش کا حصہ ہے ۔بہتر ہو گا حکومت پاکستانی ہیروز کو اس اہم قومی مسئلہ پر بات کرنے سے پہلے مربوط بریفنگ کا اہتمام کیا کرے اور وہ اس معاملہ کو اچھی طرح سمجھ لیں تاکہ پاکستان اور کشمیریوں کے دشمنوں کو بات کا بتنگڑ بنانے کے مواقع نہ مل سکے۔